سونے کی فی تولہ قیمت مزید 400 روپے بڑھ گئی

اپ ڈیٹ 15 جولائ 2020
بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت میں 14 ڈالر کا اضافہ دیکھا گیا — فائل فوٹو
بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت میں 14 ڈالر کا اضافہ دیکھا گیا — فائل فوٹو

ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت مزید 400 روپے بڑھ کر ایک لاکھ 9 ہزار 300 روپے ہوگئی۔

بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت میں 14 ڈالر کا اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد یہ بڑھ کر 1808 ڈالر ہوگئی۔

آل سندھ صراف جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمت میں اضافے کے باعث پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت 400 روپے بڑھ کر ایک لاکھ 9 ہزار 300 روپے ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں: سونے کی فی تولہ قیمت ایک لاکھ 9 ہزار روپے سے تجاوز کرگئی

ملک میں 10 گرام سونے کی قیمت میں 343 روپے کا اضافہ ہوا اور اس کی نئی قیمت 93 ہزار 707 روپے کی سطح پر آگئی۔

واضح رہے کہ عالمی سطح پر کورونا وائرس کیسز کی تعداد میں اضافے اور معاشی بحالی میں سست روی کے باعث سونے کی قیمت میں مسلسل اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

دو روز قبل برطانوی خبر رساں ایجنسی 'رائٹرز' کا کہنا تھا کہ امریکا اور چین کے مابین تجارتی تناؤ اور روزانہ کی بنیاد پر کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ سونے کی قیمتوں میں اضافے کی وجوہات میں شامل ہے۔

مزید پڑھیں: سونے کی فی تولہ قیمت ایک لاکھ 5 ہزار 200 روپے تک پہنچ گئی

سونے کی قیمتوں میں رواں برس 19 فیصد سے زائد اضافہ ہوچکا ہے اور اس کی وجہ عالمی وبا کی وجہ سے دنیا کی معیشتوں کو بحالی کے لیے حکومتوں اور مرکزی بینکوں کی جانب سے دی گئیں بڑی رعایتیں ہیں۔

بی آئی پی ایل سیکیورٹیز کے مطابق ایک ماہ سے زائد عرصے میں سونے کی قیمت بلند ترین سطح پر پہنچنے کی وجہ یہ بھی ہے کہ سرمایہ کار کورونا وائرس کے باعث بین الاقوامی معیشت کی بحالی میں تاخیر کو دیکھتے ہوئے سونے میں سرمایہ کاری کو محفوظ تصور کررہے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں