ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا، عیدالاضحیٰ یکم اگست کو ہوگی

اپ ڈیٹ 21 جولائ 2020
محکمہ موسمیات نے کہا تھا کہ یکم ذی الحج 22 جولائی کو ہوگی—فوٹو:ڈان نیوز
محکمہ موسمیات نے کہا تھا کہ یکم ذی الحج 22 جولائی کو ہوگی—فوٹو:ڈان نیوز

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمٰن نے ذی الحج کا چاند نظر نہ آنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں عیدالاضحیٰ یکم اگست 2020 کو ہوگی۔

ذی الحج کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مفتی منیب الرحمٰن کی زیر صدارت کراچی میں ہوا۔

اجلاس کے بعد نیوز بریفنگ میں ان کا کہنا تھا کہ ملک کے کسی حصے سے چاند نظر آنے کی شہادت نہیں ملی۔

مفتی منیب الرحمٰن نے کہا کہ پاکستان میں ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا اور یکم ذی الحج 23 جولائی 2020 اور عیدالاضحیٰ یکم اگست کو ہوگی۔

مزید پڑھیں:پاکستان میں عید الاضحیٰ 31 جولائی کو ہونے کا امکان

خیال رہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے گزشتہ ہفتے بیان میں کہا گیا تھا کہ ذی الحج کے نئے چاند کی پیدائش 20 جولائی کو پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بج کر 33 منٹ پر ہوگی۔

بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ 29 ذیقعد یعنی 21 جولائی بروز منگل کو چاند نظر آنے کا قوی امکان ہے اور یکم ذی الحج 22 جولائی 2020 کو ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ پاکستان میں عید الاضحیٰ 31 جولائی بروز جمعے کو ہونے کا امکان ہے۔

یاد رہے کہ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے گزشتہ ماہ اعلان کیا تھا کہ پاکستان میں عیدالاضحیٰ 31 جولائی کو ہوگی۔

ٹوئٹر پر جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ وزارت کے کیلنڈر کے مطابق 21 جولائی کو ذی الحج کا چاند کراچی اور اس کے ارد گرد علاقوں میں دوربین سے واضح طور پر اور کئی علاقوں میں آنکھوں سے بھی دیکھا جا سکے گا۔

یہ بھی پڑھیں:سعودی عرب میں ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا، یوم عرفہ 30 جولائی کو ہوگا

خیال رہے کہ سعودی عرب کی سپریم کورٹ نے گزشتہ روز ذی الحج کا چاند نظر نہ آنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد یوم عرفہ 30 جولائی کو ہوگا جبکہ عیدالاضحیٰ 31 جولائی بروز جمعے کو منائی جائے گی۔

سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ملک میں ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا لہٰذا یوم عرفہ 30 جولائی کو ہوگا جبکہ عیدالاضحیٰ 31 جولائی بروز جمعہ ہوگی۔

سعودی حکومت نے سرکاری و نجی شعبوں کے ملازمین کے لیے عیدالاضحیٰ کی چھٹیوں کا بھی اعلان کردیا ہے۔

ملک کے نجی شعبے میں کام کرنے والے ملازمین کے لیے 30 جولائی سے 2 اگست تک کی چار روزہ تعطیلات کا اعلان کیا گیا۔

سرکاری شعبے کے ملازمین کو دو ہفتے کی چھٹیاں دی گئی ہیں جس کا آغاز 24 جولائی سے ہوگا اور یہ تعطیلات 8 اگست تک جاری رہیں گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں