حکومت سندھ نے مویشی منڈیوں میں کاروباری اوقات کار بڑھا دیے

مویشی منڈیوں کے اوقات کار میں تبدیلی این سی او سی کے فیصلے کے تناظر میں کی گئی، حکم نامہ — فائل فوٹو / ڈان
مویشی منڈیوں کے اوقات کار میں تبدیلی این سی او سی کے فیصلے کے تناظر میں کی گئی، حکم نامہ — فائل فوٹو / ڈان

حکومت سندھ نے عیدالضحیٰ کی مناسبت سے مویشی منڈیوں میں کاروبار کے اوقات کو بڑھا دیا۔

محکمہ داخلہ سندھ سے جاری حکم نامے کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے پیر کو ہونے والے اجلاس میں لیے گئے فیصلے کے تناظر مویشی منڈیوں کے اوقات کار تبدیل کردیے گئے ہیں۔

حکم نامے میں کہا گیا کہ مویشی منڈیوں میں اب صبح 7 بجے سے رات 11 بجے تک کاروبار کرنے کی اجازت ہوگی۔

واضح رہے کہ 13 جولائی کو ہونے والے این سی او سی کے اجلاس میں ملک بھر میں مویشی منڈی کے اوقات کار صبح 6 سے شام 7 بجے تک رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: 'مویشی منڈیوں کے اوقات کار صبح 6 سے شام 7 بجے تک ہوں گے'

این سی او سی کے چیئرمین اور وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا تھا کہ عیدالاضحیٰ کی مناسبت سے مویشی منڈیاں شہر سے باہر لگائی جائیں گی۔

دوران اجلاس عیدالاضحیٰ کے حوالے سے مویشی منڈیوں اور نماز عید کے حوالے سے بریفنگ دی گئی تھی اور بتایا گیا کہ ملک بھر میں 700 کے قریب مویشی منڈیاں لگائی جائیں گی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس سلسلے میں صحت سے متعلق ضروری ہدایات صوبوں اور انتظامی اداروں کو جاری کردی گئی ہیں۔

چیئرمین این سی او سی کا کہنا تھا کہ مویشی منڈی کے اوقات کار صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک ہوں گے جبکہ خریداروں کی سختی سے اسکریننگ کی جائے گی اور فیس ماسک اور سماجی فاصلے کو یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مقرر حد سے زیادہ سے لوگوں کو منڈی آنے کی اجازت نہیں ہوگی، منڈیوں کی تعداد کو بڑھایا جائے گا۔

این سی او سی کے فیصلے کے بعد حکومت سندھ نے بھی 15 جولائی کو مویشی منڈیوں کے اوقات کار کے حوالے سے حکم نامہ کردیا تھا۔

مزید پڑھیں: حکومت کا عیدالاضحیٰ پر انفرادی قربانی کو محدود کرنے پر غور

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے اور ابھی تک مصدقہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 74 ہزار 915 ہوگئی ہے جس میں سے 5 ہزار 855 افراد انتقال کرچکے ہیں جبکہ 2 لاکھ 41 ہزار 26 افراد صحتیاب بھی ہوگئے ہیں۔

ملک میں 27 جولائی کو کورونا وائرس کے مزید 889 مریض اور 15 اموات رپورٹ ہوئیں جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب سے کسی موت کی تصدیق نہیں ہوئی۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز اور اموات رپورٹ ہونے کے آغاز سے کے بعد سے یہ پہلی مرتبہ ہے کسی روز صوبے میں کورونا وائرس سے کوئی موت نہ ہوئی ہو۔

تاہم صورتحال میں بہتری کے باوجود حکام عیدالاضحیٰ کے موقع پر احتیاط نہ کرنے پر کیسز بڑھنے سے خبردار کرچکے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں