کورونا کے باعث 'ایمی ایوارڈز' کی ورچوئل تقریب کے انعقاد کا اعلان

اپ ڈیٹ 30 جولائ 2020
ایوارڈ تقریب 20 ستمبر کو نشر کی جائے گی—فوٹو: رائٹرز
ایوارڈ تقریب 20 ستمبر کو نشر کی جائے گی—فوٹو: رائٹرز

انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے اہم ترین اور ٹی وی کے لیے دیے جانے والے معروف 'ایمی ایوارڈز' کی تقریب رواں برس ورچوئل طور پر منقعد کی جائے گی۔

دو روز قبل ہی 'ایمی ایوارڈز' کی نامزدگیوں کا اعلان کیا گیا تھا تاہم اس وقت تقریب کو منعقد کرنے کے حوالے سے کوئی وضاحت نہیں کی گئی تھی۔

پہلے ہی خیال کیا جا رہا تھا کہ کورونا کی وبا کے باعث رواں سال ریڈ کارپٹ منعقد نہیں کیا جائے گا اور محدود لوگوں کو ایوارڈز تقریب کے لیے مدعو کیا جائے گا تاہم اب اس کی تصدیق بھی کردی گئی۔

’ایمی ایوارڈز' کے علاوہ تقریباً باقی تمام ایوارڈز کی تقریبات کو مؤخر یا ملتوی کیا گیا ہے جب کہ رواں برس مارچ سے دنیا بھر سینما ہالز بھی بند ہیں اور فلموں کی نمائش بھی نہیں کی جا رہی۔

فلمی دنیا کے سب سے معتبر آسکر ایوارڈز کو بھی 2 ماہ کے لیے مؤخر کردیا گیا ہے اور اب آسکر کی تقریب فروری 2021 کے بجائے اپریل 2021 میں ہوگی۔

'ایمی ایوارڈز' کی طرح ستمبر میں 'وینس فلم فیسٹیول' بھی منعقد کیا جائے گا اور اٹلی میں ہر سال ہونے والے اس دنیا کے قدیم ترین فلمی میلے کا آغاز 2 ستمبر سے ہوگا جو 12 ستمبر تک جاری رہے گا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز نے اپنی رپورٹ میں شوبز ویب سائٹ ورائٹی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ 'ایمی ایوارڈز' کی انتظامیہ نے تقریب کو ورچوئل منعقد کرنے کی تیاریاں مکمل کرلیں۔

یہ بھی پڑھیں: وبا کے باوجود ’ایمی‘ ایوارڈز تقریب ستمبر میں کرنے کا اعلان

اگرچہ تقریب کو ورچوئل طور پر 20 ستمبر کو ٹی وی اور ویب سائٹس پر آن لائن دکھایا جائے گا تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ کچھ افراد تقریب میں شرکت ضرور کریں گے۔

یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ تقریب میں شامل ہونے والی شوبز شخصیات ماضی کی طرح گلیمر لباس کے بجائے منفرد اور کورونا سے تحفظ دینے والے لباس میں شرکت کریں گے۔

دو روز قبل ہی ایمی ایوارڈز کی نامزدگیوں کا اعلان کیا گیا تھا—فوٹو: ایڈویک
دو روز قبل ہی ایمی ایوارڈز کی نامزدگیوں کا اعلان کیا گیا تھا—فوٹو: ایڈویک

اگرچہ انتظامیہ نے واضح طور پر ریڈ کارپٹ کی وضاحت نہیں کی، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ اس بار ریڈ کارپٹ پر حسینائیں جلوے نہیں بکھیر سکیں گی۔

واضح رہے کہ دو دن قبل ہی 'ایمی ایوارڈز' کی نامزدگیوں کا اعلان کیا گیا تھا، جس میں اسٹریمنگ ویب سائٹ نیٹ فلیکس کے ڈراموں نے ریکارڈ 160 نامزدگیاں حاصل کی تھیں۔

رواں سال ایچ بی او 107 نامزدگیوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے تاہم اسی ویب سائٹ کا ڈراما ’واچ مین‘ 26 نامزدگیوں کے ساتھ سرفہرست ہے۔

دوسرے نمبر پر ویب اسٹریمنگ ایمازون کا پرانا 1960 کا کامیڈی ڈراما ’دی مارولس، مسز میسلز‘ ہے، جس نے 20 نامزدگیاں حاصل کیں۔

مزید پڑھیں: نیٹ فلیکس ڈراموں کی ’ایمی ایوارڈز‘ میں ریکارڈ 160 نامزدگیاں

تیسرے نمبر پر نیٹ فلیکس کا ڈراما ’اوزارک‘ ہے، جس نے 18 نامزدگیاں حاصل کیں۔

’ایمی ایوارڈز‘ انتظامیہ کی جانب سے مجموعی طور پر 26 مختلف مین کیٹیگریز میں ایوارڈز دیے جاتے ہیں۔

جب کہ مذکورہ 26 میں کیٹیگریز کی مزید ذیلی کیٹیگریاں ہوتی ہیں جن میں بہترین اداکارہ، اداکار، ہدایت کار، معاون اداکارہ، اداکار، ڈراما سیریل، کامیڈی، ایکشن اور میوزک سمیت دیگر کیٹیگریز شامل ہیں۔

ایمی ایوارڈ کی مین کیٹیگریز اور ذیلی کیٹیگریز کی تعداد 90 تک ہوجاتی ہے۔

رواں سال پہلی بار ’ایمی ایوارڈز‘ کی نامزدگیوں میں لچک دکھائی گئی ہے اور ہر عمر، رنگ اور نسل کی خواتین کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

اس بار سب سے زیادہ سیاہ فام اداکاروں کو نامزد کیا گیا ہے، تاہم دیکھنا یہ ہے کہ اب ایوارڈ کتنے سیاہ فام اداکاروں کو دیا جاتا ہے۔

’ایمی‘ ایوارڈز کا آغاز 1949 میں کیا گیا تھا اور رواں برس اس کی 72 ویں سالانہ تقریب منعقد کی جائے گی

ایمی کو ٹی وی کی دنیا کا معتبر ایوارڈ مانا جاتا ہے—فوٹو: ایمی
ایمی کو ٹی وی کی دنیا کا معتبر ایوارڈ مانا جاتا ہے—فوٹو: ایمی

تبصرے (0) بند ہیں