حارث رؤف کا کورونا ٹیسٹ بالآخر منفی آ گیا

اپ ڈیٹ 30 جولائ 2020
حارث رؤف کے 20 جولائی کے بعد 6 میں سے پانچ کورونا ٹیسٹ منفی آئے— فائل فوٹو: اے ایف پی
حارث رؤف کے 20 جولائی کے بعد 6 میں سے پانچ کورونا ٹیسٹ منفی آئے— فائل فوٹو: اے ایف پی

قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر حارث رؤف کا کورونا کا ٹیسٹ بالآخر منفی آ گیا ہے جس کے بعد وہ جلد ہی رواں ہفتے انگلینڈ روانہ ہو جائیں گے۔

حارث رؤف کو کورونا ٹیسٹ کلیئر کرنے میں مشکلات کا سامنا تھا اور اسی وجہ سے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے محمد عامر کو اسکواڈ میں شامل کیا تھا جو بچے کی ممکنہ ولادت کے باعث ابتدائی طور پر دورے سے دستبردار ہو گئے تھے۔

مزید پڑھیں: حارث رؤف نے آسٹریلین بگ بیش میں ہیٹ ٹرک کا اعزاز حاصل کر لیا

البتہ عامر کی موجودگی کے باوجود حارث رؤف کو اسکواڈ سے باہر نہیں کیا گیا اور وہ ٹی 20 سیریز کے لیے پی سی بی کے منصوبوں کا حصہ تھے۔

دورہ انگلینڈ کے لیے قومی ٹیم کی روانگی سے قبل کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے تو حارث رؤف بھی ان کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل تھے جن کے ٹیسٹ مثبت آئے تھے۔

دیگر کھلاڑیوں کے ٹیسٹ منفی آ گئے لیکن حارث رؤف ٹیسٹ کلیئر کرنے میں ناکام رہے اور ان کے مستقل ٹیسٹ منفی نہ آ سکے۔

کرک انفو کے مطابق 20 جولائی کے بعد فاسٹ باؤلر کے کورونا کے 6 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے پانچ منفی آئے جس کے بعد وہ انگلینڈ میں قومی اسکواڈ کا حصہ بننے کے اہل ہو گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: حارث رؤف بگ بیش کی بہترین ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ سے جاری بیان کے مطابق محمد عامر انگلینڈ پہنچنے کے بعد قرنطینہ میں ہیں۔

محمد عامر 24 جولائی کو انگلینڈ روانہ ہوئے تھے جس کے بعد وہ پانچ دن برطانیہ میں قرنطینہ میں گزار کر پاکستان کے اسکواڈ کو جوائن کر لیں گے۔

واضح رہے کہ قومی ٹیم دورہ انگلینڈ میں تین ٹیسٹ اور تین ون ڈے میچ کھیلے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں