مشرق وسطیٰ سمیت دنیا کے متعدد ممالک میں آج عیدالاضحٰی منائی جارہی ہے

اپ ڈیٹ 31 جولائ 2020
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے کئی ممالک بشمول یو اے ای اور الجزائر نے عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کی ہیں۔ فائل فوٹو:اے ایف پی
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے کئی ممالک بشمول یو اے ای اور الجزائر نے عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کی ہیں۔ فائل فوٹو:اے ایف پی

سعودی عرب، فلسطین، متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ریاستوں سمیت یورپ، امریکا، کینیڈا، انڈونیشیا، جاپان اور افغانستان کے علاوہ دنیا کے دیگر خطوں میں عیدالاضحٰی مذہبی جوش جذبے سے منائی جارہی ہے۔

عید الفطر کے علاوہ مسلمانوں کا دوسرا اہم ترین تہوار بقرہ عید ہے جو قمری کیلینڈر کے آخری مہینے ذوالحج کی 10 تاریخ سے 12 تاریخ تک منائی جاتی ہے۔

—فوٹو: اے ایف پی
—فوٹو: اے ایف پی

تاہم اس سال کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کئی اہم مسلمان ممالک بشمول پاکستان، متحدہ عرب امارات اور الجزائر نے عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کر رکھی ہیں۔

اسی طرح رواں سال سعودی عرب نے اعلان کیا تھا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے نہایت محدود حج ہوگا جس میں صرف ایک ہزار افراد شرکت کرسکیں گے۔

سعودی عرب میں حجاج آج شیطان کو کنکریاں مارنے کے بعد واپس مکہ جائیں گے۔

حجاج کرام کو سعودی حکومت نے کورونا وائرس کے پیش نظر اسٹیرلائزڈ کنکریاں فراہم کی ہیں۔

دنیا کے بیشتر ممالک پر عید الاضحیٰ کا آغاز دو رکعت نماز عید کی ادائیگی کے ساتھ ہوا۔

تاہم اس سال مساجد میں شرکا کی تعداد بھی کم دیکھی گئی جبکہ کئی ممالک میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے بڑے اجتماعات پر پابندی عائد کی گئی۔

عراقی دارالحکومت بغداد میں وائرس کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کے لیے حکام کی جانب سے عائد 10 روزہ لاک ڈاؤن کے باعث سڑکیں کافی حد تک خالی نظر ئیں جبکہ مساجد میں نماز عید منسوخ کردی گئی۔

کوسوو اور متحدہ عرب امارات نے بھی اس وائرس کے پھیلاؤ کو محدود کرنے کے لئے مساجد بند رکھیں ہیں۔

لبنان میں مسلمان نمازیوں نے سخت حفاظتی انتظامات کے تحت مساجد میں نماز عید ادا کی۔

جمعرات کو نافذ ہونے والے جزوی لاک ڈاؤن جو 10 اگست تک جاری رہے گآ، کے باوجود لبانان کے دارالحکومت بیروت میں واقع محمد الامین مسجد میں نمازیوں نے سماجی فاصلے کے قوانین کو برقرار رکھنے کے لیے باہر سڑک پر نماز ادا کی۔

انڈونیشیا جہاں دنیا میں مسلمانوں کی سب سے بڑی آبادی ہے، لوگوں کو صحت کی سخت گائیڈ لائنز کے تحت مساجد میں نماز عید کے موقع پر جانے کی اجازت دی گئی جس میں ان سے اپنی جائے نماز ساتھ لانے، ماسک پہننے کو لازمی قرار دیا گیا اور انہیں ہاتھ ملانے یا گلے ملنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

البانیہ اور کوسوو کے حکمرانوں نے عواام سے اپیل کی کہ وہ اس تہوار پر 'ہوشیار رہیں' تاکہ وائرس کا شکار ہونے سے بچ سکیں اور اہلخانہ سے ملاقات کو محدود رکھیں۔

امریکا کے سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو نے امریکا اور دنیا بھر میں مسلمانوں کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ ہمدردی، سخاوت اور قربانی کا وقت ہے جس کا اظہار حضرت ابراہیمؑ نے کیا۔

انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ حج کے اختتام پر منائی جاتی ہے اور ہر سال دنیا بھر سے لاکھوں مسلمان اپنا یہ مذہبی فریضہ ادا کرتے ہیں، تاہم رواں سال عازمین کی بڑی تعداد کو حج کے لیے نہ جانے پانے پر مایوسی ہوئی لیکن امید ہے کہ آئندہ سال انہیں فرض کی ادائیگی کا موقع ملے گا۔

کینیڈا کے وزیر اعظم نے اس موقع پر ٹوئٹر پر ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے عوام کو عید کی مبارک باد دی۔

نماز عیدالاضحیٰ کے بعد مسلمان سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے بکرے، دنبے، گائے یا اونٹ کی قربانی کرتے ہیں۔

اس سلسلے میں ہر جگہ قربانی کے جانوروں کی فروخت کے لیے خصوصی منڈیاں قائم کی جاتی ہیں۔

رواں سال بھی دنیا بھر میں صاحب حیثیت مسلمانوں نے عید کے دن نماز عید کی ادائیگی کے بعد حضرت ابراہیم علیہ اسلام کی عظیم قربانی کے جذبے کی یاد میں اپنے اپنے جانوروں کو ذبح کیا۔

—فوٹو:ڈان
—فوٹو:ڈان

واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت سمیت چند ممالک میں عید الاضحیٰ کل منائی جائے گی۔

تاہم شمالی وزیرستان کے ایک گاؤں میں گزشتہ روز ہی عید منائی گئی تھی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق شمالی وزیرستان میں ایک چھوٹے سے گاؤں کے لوگوں نے گزشتہ روز ہی عید کی نماز اور جانوروں کی قربانی کرتے ہوئے دن کا آغاز کیا۔

رپورٹ کے مطابق مقامی رویت کمیٹی کے رکن نے ذوالحج کے چاند کی 5 لوگوں کی شہادت سننے کے بعد جمعرات کے روز عید کا اعلان کردیا تھا۔

دوسری جانب شمالی وزیرستان کے دیگر علاقوں میں عید الاضحیٰ آج منائی جارہی ہے جبکہ صوبہ خیبرپختونخوا میں ضم کیے گئے قبائلی اضلاع کے دیگر علاقوں میں ہفتے کے روز عید منائی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں