صدر و وزیراعظم کی طیب اردوان کو آیا صوفیہ کو نماز کیلئے دوبارہ کھولنے پر مبارکباد

02 اگست 2020
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان کو ترک صدر رجب طیب اردوان نے ٹیلی فون کرکے عید الاضحیٰ کی مبارکباد دی — فائل فوٹو
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان کو ترک صدر رجب طیب اردوان نے ٹیلی فون کرکے عید الاضحیٰ کی مبارکباد دی — فائل فوٹو

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان نے ترک صدر رجب طیب اردوان کو آیا صوفیہ کو نماز کے لیے دوبارہ کھولنے پر مبارکباد دی ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان کو ترک صدر رجب طیب اردوان نے ٹیلی فون کرکے عید الاضحیٰ کی مبارکباد دی۔

وزیر اعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق ٹیلی فونک گفتگو میں وزیر اعظم عمران خان اور ترک صدر نے ایک دوسرے کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد دی اور دونوں ممالک کے عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم نے تاریخی عبادت گاہ آیا صوفیہ کو کھولنے پر ترک صدر کو مبارکباد دی اور انہیں بتایا کہ آیا صوفیہ میں نماز جمعہ کی ادائیگی کو لاکھوں پاکستانیوں نے ٹی وی پر براہ راست دیکھا۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکی کے درمیانباہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

عمران خان نے کورونا وائرس کے خاتمے کے لیے ترکی کے کردار کو سراہا اور پاکستان کی وبا کے خلاف ترکی کی امداد کو سراہا۔

یہ بھی پڑھیں: ترکی: آیا صوفیہ مسجد میں 86 سال بعد نماز ادا

انہوں نے ترک صدر کو کورونا کے خلاف حکومتی اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی جانیں بچانے کے ساتھ معیشت اور روز مرہ امور کو چلانے کی پالیسی اختیار کیے ہوئے ہیں۔

دونوں رہنماؤں نے ادویات کی مشترکہ تیاری کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جبکہ تمام باہمی معاملات پر رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔

وزیر اعظم نے مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر پاکستانی موقف کی حمایت اور تعاون کو سراہا اور کہا کہ پاکستان اور ترکی کے اسٹریٹجک تعلقات باہمی اعتماد اور تعاون پر قائم ہیں۔

ترک صدر کی پاکستانی ہم منصب کو وبا کے خاتمے پر دورے کی دعوت

رجب طیب اردوان نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے بھی ٹیلی فون پر بات چیت کی اور عیدالاضحیٰ کے مبارک موقع پر انہیں مبارکباد پیش کی۔

ڈاکٹر عارف علوی نے بھی ترک ہم منصب کو عید کی مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ترک صدر سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹرعارف علوی نے کہا کہ اس سال عیدالاضحیٰ مشکل حالات میں منائی جا رہی ہے اور دنیا کو کئی چیلنجز درپیش ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ کووڈ 19 نے عالمی معیشت کو بُری طرح سے متاثر کیا ہے۔

انہوں نے پاکستان سمیت متعدد ممالک کو کورونا کے خلاف جنگ میں معاونت فراہم کرنے پر ترکی کے رہنما کے کردار کی تعریف کی۔

دونوں رہنماﺅں نے کہا کہ پا کستان اور ترکی میں کورونا کے کیسز کی تعداد میں کمی خوش آئند ہے۔

مزید پڑھیں: آیا صوفیہ کو مسجد میں تبدیل کرنے پر تنقید کو ترک صدر نے مسترد کردیا

عارف علوی نے غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر تسلط جموں و کشمیر میں کشمیریوں کی حالت زار پر روشنی ڈالی اور کہا کہ بھارتی مسلمان خوف اور امتیازی سلوک کے ماحول میں زندگی گزار رہے ہیں۔

انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں صدر اردوان کے کشمیر پر پرزور اور واضح موقف پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

صدر نے اس امید کا اظہار کیا کہ ترکی، کشمیر میں بھارتی غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے ایک سال مکمل ہونے پر اپنی اصولی آواز اٹھائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ مشکل حالات میں بھی قابض حکومتیں فلسطین اور کشمیر میں اپنا ظلم و جبر جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ترک صدر نے پاکستانی ہم منصب کو کورونا وبا کے خاتمے پر ترکی کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔

عارف علوی نے کہا کہ پاکستان، ترکی کے ملکی مفادات پر مستقل حمایت اور ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی پالیسی جاری رکھے گا۔

انہوں نے صدر اردوان کو آیا صوفیہ کو نماز کے لیے دوبارہ کھولنے پر مبارکباد بھی دی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں