شان مسعود، انگلینڈ میں 24 برس بعد سنچری کرنے والے پاکستانی اوپنر

06 اگست 2020
شان مسعود نے ٹیسٹ کیریئر میں مسلسل تین سنچریاں بنانے کا اعزاز بھی حاصل کرلیا — فائل فوٹو / اے ایف پی
شان مسعود نے ٹیسٹ کیریئر میں مسلسل تین سنچریاں بنانے کا اعزاز بھی حاصل کرلیا — فائل فوٹو / اے ایف پی

قومی کرکٹ ٹیم کووڈ-19 کے باعث طویل لاک ڈاؤن کے بعد انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے برطانیہ پہنچی تو کرکٹ حلقوں نے کھیل کی رونقیں بحال ہونے پر خوشی کا اظہار کیا اور معیاری کھیل کے لیے توقعات وابستہ کیں۔

قومی ٹیم نے انگلینڈ میں ایک ماہ سے زائد قیام کیا اور پہلے ٹیسٹ کے لیے 5 اگست کو میدان میں اتری تو پہلے دن محتاط کھیل کا مظاہرہ کیا جبکہ کپتان اظہر علی اور اوپنر عابد علی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے، لیکن دوسرے روز اوپنر شان مسعود وکٹ پر ڈٹ گئے اور اس نقصان کا ازالہ کیا۔

بابر اعظم نے شان مسعود کے ساتھ اسکور کو 139 رنز تک پہنچایا اور 69 رنز کی خوب صورت اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے تو ذمہ داری شان مسعود نے سنبھالی اور عمدگی سے نبھاتے ہوئے اسد شفیق اور محمد رضوان کے ساتھ شراکت کے دوران پہلے نصف سنچری مکمل کی۔

مزید پڑھیں: پاک-انگلینڈ پہلا ٹیسٹ: شان مسعود کی سنچری، پاکستان کا اسکور 5 وکٹوں پر 268 رنز

پاکستان کی 5 وکٹیں گرنے کے بعد ٹیم دباؤ میں نظر آنے لگی لیکن شاداب خان نے شان مسعود کا بھرپور ساتھ دیا اور اسی دوران شان نے اپنی شاندار اور تاریخی سنچری مکمل کی۔

شان مسعود 24 سال کے طویل عرصے بعد انگلینڈ میں پاکستان کی جانب سے سنچری بنانے والے اوپنر بن گئے۔

اس سے قبل سابق عظیم بلے باز سعید انور نے 1996 میں اوول کے میدان میں سنچری بنائی تھی، جس کے بعد آج تک کوئی بھی پاکستانی اوپنر اس طرح کی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا تھا۔

شان مسعود نے نہ صرف طویل عرصے بعد انگلینڈ میں سنچری اسکور کرنے کا اعزاز حاصل کیا بلکہ ٹیسٹ کیریئر میں مسلسل تیسری سنچری بنانے کا اعزاز بھی پایا جو پاکستان کے چند بلے بازوں کو ہی حاصل ہے۔

اس سے قبل ظہیر عباس نے 83-1982، مدثر نذر نے 1983، محمد یوسف نے 2006، یونس خان نے 2014، مصباح الحق نے 2014 میں مسلسل تین سنچریاں بنائی تھیں۔

خیال رہے کہ 2014 میں مسلسل سنچریاں بنانے والے سابق کپتان مصباح الحق اس وقت قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور یونس خان بیٹنگ کوچ ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں