ایران میں جاسوسی کے الزامات پر 2 افراد کو 10 سال قید کی سزا

اپ ڈیٹ 11 اگست 2020
ایران نے گزشتہ کچھ عرصے میں جاسوسی کے الزام میں متعدد افراد کو گرفتار کیا ہے—فائل فوٹو: اے پی
ایران نے گزشتہ کچھ عرصے میں جاسوسی کے الزام میں متعدد افراد کو گرفتار کیا ہے—فائل فوٹو: اے پی

ایران کی عدالت نے 2 افراد کو برطانیہ، جرمنی اور اسرائیل کے لیے جاسوسی کرنے کے الزامات کے تحت 10، 10 سال قید کی سزا سنادی۔

فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق عدلیہ کے ترجمان غلام حسین اسمٰعیلی نے کہا کہ ان میں ایک شخص مسعود مصاحب آسٹرین ایرانین سوسائٹی کے جنرل سیکریٹری کی آڑ میں موساد اور جرمنی کے لیے جاسوسی کرتے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ مصاحب نے انہیں ایران کی میزائل، نیوکلیئر، نینو ٹیکنالوجی اور طبی شعبے کے حوالے سے معلومات فراہم کیں۔

ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق ترجمان نے بتایا کہ دوسرے شخص شاہرام شرکانی ہیں جو برطانوی خفیہ ادارے کے لیے کام کررہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:ایران: امریکا کیلئے جاسوسی کا الزام، 8 افراد کو قید

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ شاہرام شرکانی بدعنوان حکام اور لوگوں کو بھرتی کرنے کے خواہاں تھے اور انہوں نے برطانیہ کو مرکزی بینک، میلی بینل اور وزارت دفاع سے متعلق معاہدوں کی معلومات فراہم کیں۔

عدالتی ترجمان نے کہا کہ وزارت خارجہ، دفاع اور صنعت کے علاوہ وزارت توانائی، صنعت اور ایران کی اٹامک ایجنسی کے لیے کام کرنے والی کمپنیوں میں جاسوسی کے الزام میں 5 مزید افراد کو حال ہی میں حراست میں لیا گیا ہے۔

انہوں نے ان افراد پر لگائے گئے الزامات یا ان کی شناخت کے حوالے سے کوئی معلومات فراہم نہیں کیں۔

خیال رہے کہ آسٹریا نے گزشتہ برس کے وسط میں مسعود مصاحب کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا جن کی عمر اس وقت 72 برس تھی۔

مزید پڑھیں: ایران: امریکا کے لیے جاسوسی کے مجرم کو سزائے موت

آسٹریا کی جانب سے کہا گیا تھا کہ ان کے خلاف کوئی باضابطہ چارجز نہیں لگائے گئے اور ان کی حراست کی وجوہات بھی نامعلوم ہیں۔

انہیں جنوری 2019 میں گرفتار کیا گیا تھا اور ان کے اہل خانہ کا کئی ہفتوں تک ان سے کوئی رابطہ نہیں ہوا تھا بعد ازاں انہیں معلوم ہوا تھا کہ مسعود مصاحب تہران کی جیل میں قید ہیں۔

واضح رہے کہ ایران کی جانب سے گزشتہ کچھ عرصے میں جاسوسی کے الزام میں متعدد افراد کو نہ صرف گرفتار کیا گیا بلکہ عدالتوں نے کچھ کیسز میں سزائے موت بھی سنائیں۔

جولائی میں ایران نے امریکی خفیہ ادارے سینٹرل انٹیلیجنس ایجنسی (ایس آئی اے) کے لیے جاسوسی کے الزام میں وزارت دفاع کے ایک سابق ملازم رضا اصغری کو سزائے موت دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ایران نے قاسم سلیمانی کی مخبری کرنے والے کو پھانسی دے دی

اس کے علاوہ 20 جولائی کو ایران نے امریکی اور اسرائیلی انٹیلی جنس سروسز کو پاسداران انقلاب کے مقتول کمانڈر قاسم سلیمانی سے متعلق معلومات دینے والے ایرانی شہری کو پھانسی دے دی تھی۔

اس سے قبل دسمبر میں تہران نے ’سی آئی اے سے تعلق‘ رکھنے والے اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر ہونے والے شدید احتجاجی مظاہروں میں ملوث 8 افراد کو گرفتار کرنے کا اعلان کیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں