آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ میں کورونا سے نمٹنے کی حکمت عملی اورپولیو مہم کی بحالی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (ڈی جی آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ انسداد پولیو مہم قومی کاز ہے، پاکستان کو پولیو فری بنانے کی قومی کوشش کا حصہ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 'اس کامیاب مہم کا سہرا موبائل ٹیموں، صحت عامہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سر ہے۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم، بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ، انسداد پولیو مہم کی بحالی پر تبادلہ خیال

بیان میں بتایا گیا کہ بات چیت میں پولیومہم کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی پر بھی بات چیت ہوئی۔

بل گیٹس نے کم وسائل میں بھی کورونا پر قابوپانے کی پاکستان کی کامیاب حکمت عملی کی تعریف کی۔

آرمی چیف نے کہا کہ یہ کامیابی نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے طریقہ کار کے ذریعے قومی حکمت عملی کا اطلاق کے ذریعے ہوئی جس نے وسائل بہتر استعمال کرنے کا موقع فراہم کیا۔

بل گیٹس اینڈ میلنڈا فاﺅنڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی انسداد پولیو مہم میں کوششیں قابل تعریف ہیں، پاک فوج نے ہرجگہ انسدادپولیو مہم کی ٹیموں کی رسائی یقینی بنائی۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں 5 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز

واضح رہے کہ چند روز قبل وزیراعظم عمران خان بھی بل گیٹس سے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران کورونا وائرس کی تازہ ترین صورتحال اور پاکستان میں پولیو ویکسین کی تیاری کے حوالہ سے تبادلہ خیال کیا تھا۔

گفتگو کے دوران وزیراعظم نے کورونا وائرس کے نئے کیسز اور اموات میں واضح کمی کے حوالے سے پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال میں بہتری کے بارے میں بل گیٹس کو آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی 'اسمارٹ لاک ڈاؤن' کی پالیسی انتہائی مؤثر ثابت ہوئی ہے، بروقت اور دانشمندانہ مداخلت سے حکومت کورونا وائرس کے صحت اور معیشت پر اثرات کو کم کرنے میں کامیاب ہوئی ہے اور ملک کی معیشت دوبارہ کامیابی سے بحالی کی جانب گامزن ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے تسلیم کیا کہ گیٹس فاؤنڈیشن کی پاکستان کو فراہم کی جانے والی معاونت میں کورونا وائرس کے حوالے سے اقدامات بھی شامل ہیں۔

وزیراعظم اور بل گیٹس دونوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے حفاظتی اقدامات کے تحت پولیو ویکسین کی بحالی کا عمل حوصلہ افزا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں