عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے نئے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے فیس ماسک کے استعمال کے حوالے واضح کیا ہے کہ ک عمر کے بچوں کے لیے وہ لازمی ہیں۔

عالمی ادارہ صحت اور یونیسیف کی جانب سے جاری ایک دستاویز میں کہا گیا کہ 12 سال یا اس سے زائد عمر کے بچوں کو بالغ افراد کی طرح گھر سے باہر لازمی فیس ماسک کا استعمال کرنا چاہیے، جس سے کووڈ 19 کی روک تھام میں مدد مل سکتی ہے۔

اس کے مقابلے میں 6 سے 11 سال کی عمر کے بچوں کو فیس ماسک کا استعمال خطرے کو دیکھتے ہوئے کرانا چاہیے۔

دونوں اداروں کے مطابق 12 سال یا اس سے زائد عمر کے بچوں کو اس وقت لازمی فیس ماسک کا استعمال کرنا چاہیے جبکہ وہ دیگر سے ایک میٹر کی دوری برقرار نہ رکھ سکتے ہوں جبکہ علاقے میں کورونا وائرس کے کیسز تیزی سے پھیل رہے ہوں۔

اس کے مقابلے میں 6 سے 11 سال کی عمر کے بچوں کے لیے فیس ماسک کے استعمال کا انحصار مختلف عناصر جیسے علاقے میں وائرس کے پھیلاؤ کی شدت، بچے کی ماسک استعمال کرنے کی صلاحیت، فیس ماسک تک رسائی اور بالغ افراد کی مناسب نگرانی ہر ہونا چاہیے۔

عالمی ادارہ صحت اور یونیسیف کا کہنا تھا کہ 5 سال یا اس سے کم عمر بچوں کے تحفظ اور مفاد کے پیش نظر ان کے لیے فیس ماسک کا استعمال ضروری نہیں۔

دونوں اداروں کا کہنا تھا کہ حالیہ تحقیقی رپورٹس سے عندیہ ملا ہے کہ زیادہ عمر کے بچے نئے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے حوالے سے کم عمر بچوں کے مقابلے میں زیادہ متحرک کردار ادا کرتے ہیں۔

عالمی ادارے کے مطابق اس حوالے سے مزید ڈیٹا کی ضرورت ہے تاکہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے حوالے ے چھوٹےاور لڑکپن کی عمر کے بچوں کے کردار کو سمجھا جاسکے۔

واضح رہے کہ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے 5 جون کو عالمی سطح پر لوگوں کو فیس ماسک کے استعمال کا مشورہ دیا گیا تھا تاکہ کووڈ 19 کے پھیلاؤ کی رفتار میں کمی لانے میں مدد مل سکے۔

مگر اب تک بچوں کے حوالے سے کوئی ہدایات جاری نہیں کی گئی تھیں۔

تبصرے (0) بند ہیں