کراچی میں بارش: پی ٹی اے کی موبائل آپریٹرز کو متاثرہ علاقوں میں جلد سروس بحالی کی ہدایت

موبائل آپریٹرز سروسز کی بلاتعطل فراہمی کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں، اتھارٹی — فائل فوٹو / رائٹرز
موبائل آپریٹرز سروسز کی بلاتعطل فراہمی کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں، اتھارٹی — فائل فوٹو / رائٹرز

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل آپریٹرز کو بارش کے بعد متاثرہ علاقوں میں جلد سروسز کی بحالی کی ہدایت کردی۔

پی ٹی اے سے جاری بیان کے مطابق کراچی کے چند علاقوں میں موبائل فون سروسز دستیاب نہ ہونے کی اہم وجہ محرم الحرام کے جلوسوں کی سیکیورٹی کے باعث سروس کی بندش ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ شہر قائد میں حالیہ بارشوں کی وجہ سے 13 فیصد سے کم موبائل سائٹس متاثر ہوئی ہیں۔

اتھارٹی نے کہا کہ موبائل سائٹس متاثر ہونے کی اہم وجوہات میں طویل مدت کے لیے بجلی کی عدم دستیابی اور بارش کا پانی جمع ہونے کے باعث مینٹیننس ٹیموں کی جنریٹرز میں ایندھن ڈالنے کے لیے متاثرہ علاقوں تک پہنچنے میں دشواری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں بارش، بجلی کی لوڈشیڈنگ سے موبائل فون سروس بری طرح متاثر

پی ٹی اے نے کہا کہ موبائل آپریٹرز سروسز کی بلاتعطل فراہمی کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔

اتھارٹی نے آپریٹرز کو ہدایت کی کہ وہ بارش سے متاثرہ علاقوں میں سروس کی بحالی کے عمل میں تیزی لائیں۔

واضح رہے کہ جمعرات کو کراچی میں شدید بارش اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث شہر میں موبائل فون سروس بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

موبائل فون انڈسٹری سے وابستہ ذرائع نے بتایا تھا کہ متعدد علاقوں میں 24 گھنٹے سے زائد بجلی بند ہونے کی وجہ سے موبائل ٹاورز پر موجود جنریٹر میں ایندھن ختم ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ بارش سے بعض ٹاورز اور سوئچ روم کو نقصان پہنچا ہے۔

مزید پڑھیں: کراچی کے متاثرہ علاقوں میں موبائل فون سروس مکمل بحال نہ ہوسکی

ان کا کہنا تھا کہ سیلاب کی وجہ سے زیر زمین فائبر آپٹک بھی خراب ہوئی ہے جس سے بھی موبائل سروسز متاثر ہوئیں۔

موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کی وجہ سے رابطے میں شدید مشکلات پیدا ہورہی ہے جبکہ مختلف کاروباری شعبے جہاں انٹرنیٹ سروس لازمی ہے وہاں کاروباری امور ٹھپ ہوچکے ہیں۔

بعض علاقے میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس جزوی طور پر بحال ہیں لیکن اسپیڈ میں انتہائی سست ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں