پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل نیئر بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی افواج پاکستان کے حوالے سے ابہام پیدا کرنے کی پالیسی کو مسترد کرتے ہیں۔

انہوں نے آرمی کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کو وزیراعظم عمران خان کے بیانات پر وضاحت جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

نیئر بخاری نے کہا کہ افواج پاکستان قومی سلامتی اور سرحدوں کی حفاظت کی ذمہ دار اور ہنگامی صورت حال میں مددگار ہے۔

مزیدپڑھیں: پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ(ن) کا کل رہبر کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کا اعلان

رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں افواچ پاکستان سے کوئی تنازع نہیں ہے اور اگلے دن کہتے ہیں حکومت کو فوج کا اعتماد حاصل ہے۔

انہوں نے تحریک انصاف کی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 'حکومتیں عوامی اعتماد کی مرہون منت ہوتی ہیں نہ کہ بیساکھیوں کے سہاروں کی'۔

پیپلزپارٹی کے رہنما نے معاون خصوصی کا استعفی منظور کرنے اور کابینہ ارکان کے اثاثے ظاہر کرنے پر زور دیا۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے معاون خصوصی برائے اطلاعات لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ کا استعفی مسترد کرنا مضحکہ خیز ہے۔

انہوں نے کہا کہ تبدیلی اور انصاف کا نعرہ لگانے والی حکومت بے نقاب ہو چکی ہے جبکہ ثابت ہوگیا کہ وزیراعظم مافیا اور عوام کی جیبوں پر ڈاکے ڈالنے والوں کی سرپرستی کر رہے ہیں۔

نفیسہ شاہ نے زور دیا کہ وزیراعظم عمران خان کو فوری معاون خصوصی برائے اطلاعات کا استعفی قبول کرنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی مسائل کے حل کو ترجیح دی، بلاول بھٹو

ان کا کہنا تھا کہ عاصم سلیم باجوہ کی وضاحت اپنی جگہ لیکن معاملے کی آزادانہ تحقیقات بھی ناگزیر ہے۔

رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ عاصم سلیم باجوہ کی شخصیت اب متنازع بن چکی ہے، معاون خصوصی کی حیثیت سے استعفی دیا گیا تو پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اتھارٹی کی چیئرمین شپ سے کیوں نہیں؟

نفیسہ شاہ نے کہا کہ اس سے قبل ڈیجیٹل پاکستان ویژن کی سربراہ تانیہ ایدروس اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا سے استعفے لیے گئے لیکن حقائق پر پردہ ڈال دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ 'سلیکٹیڈ وزیراعظم کی کابینہ میں بیٹھے لوگ اب مشکوک ہوچکے ہیں اس لیے کابینہ میں بیٹھے تمام لوگوں کے اثاثوں کی تفصیلات سامنے لائی جائیں'۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ نے کہا تھا کہ انہوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

نجی ٹی وی چینل 'جیو نیوز' کے پروگرام 'آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ' میں گفتگو کرتے ہوئے عاصم سلیم باجوہ نے کہا تھا کہ میں نے اپنی اہلخانہ کے ساتھ مشاورت کے بعد معاون خصوصی کے عہدے سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

بعدازاں وزیر اعظم عمران خان نے عاصم سلیم باجوہ کا استعفی منظور نہیں کیا۔

وزیر اعظم ہاؤس سے جاری بیان میں عمران خان نے کہا تھا کہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کی جانب سے جو ثبوت اور وضاحت پیش کی گئی ہے وہ اس سے مطمئن ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں