پیپلز پارٹی سے وابستگی کی وجہ سے ظلم کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، عزیر بلوچ

اپ ڈیٹ 06 ستمبر 2020
ملزم عزیر بلوچ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کی بہن فریال تالپور اور سابق وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کے ہمراہ اس تصویر میں دیکھے جا سکتے ہیں— فائل فوٹو بشکریہ عذیر بلوچ اہلخانہ
ملزم عزیر بلوچ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کی بہن فریال تالپور اور سابق وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کے ہمراہ اس تصویر میں دیکھے جا سکتے ہیں— فائل فوٹو بشکریہ عذیر بلوچ اہلخانہ

کالعدم پیپلز امن کمیٹی کے سربراہ عزیر جان بلوچ نے کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) میں کہا کہ پیپلز پارٹی سے وابستگی کی وجہ سے انہیں 'ظلم و ستم' کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہونے کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔

مبینہ طور پر لیاری گینگ وار کے کرتا دھرتا نے یہ انکشاف انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبر 8 میں جج کے سامنے کیا جو عزیر بلوچ اور دیگر کے خلاف مختلف فوجداری مقدمات کی سماعت کر رہی ہے۔

مزید پڑھیں: عزیر بلوچ کا جاسوسی، 198 افراد کے قتل کا اعتراف، جے آئی ٹی رپورٹ جاری

کالعدم پیپلز امن کمیٹی کے سربراہ عزیر بلوچ پر لگ بھگ 60 مقدمات ہیں جن میں قتل، اقدام قتل، اغوا، بھتہ خوری اور دہشت گردی سمیت مختلف مقدمات انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبر ایک میں زیر سماعت ہیں۔

غیر ملکی خفیہ ایجنسیوں کے لیے جاسوسی کے الزام میں فوجی عدالت نے اپریل میں انہیں 12سال قید کی سزا سنائی تھی۔

ہفتہ کے روز انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبر 8 کے جج کو دیگر مختلف مقدمات کی بھی سماعت کرنا تھی جب پولیس اور رینجرز کی سخت سیکیورٹی میں عزیر بلوچ کو میٹھارام سب جیل سے پیش کیا گیا۔

ان کے وکیل عابد زمان نے ڈان کو بتایا کہ عزیر بلوچ نے میٹھارام ہاسٹل میں رینجرز کی زیر حراست انہیں جیل کے قوانین کے مطابق بنیادی سہولیات نہ ملنے کے حوالے سے شکایت کی اور کہا کہ انہیں حراست میں 'ذہنی اذیت' کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 'آصف زرداری کا عزیر بلوچ اور لیاری گینگ وار پر ہاتھ تھا'

وکیل نے مزید بتایا کہ مبینہ گینگسٹر نے انکشاف کیا کہ پیپلز پارٹی سے وابستگی کی وجہ سے ان پر ظلم کیا جارہا ہے اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں شمولیت کے لیے کہا جارہا ہے۔

وکیل کے مطابق عزیر بلوچ نے زبانی طور پر جج سے درخواست کی کہ ان کی تحویل میٹھارام سب جیل سے سینٹرل جیل کراچی کو منتقل کی جائے۔

تاہم جج نے ملزم کو ہدایت کی کہ وہ رینجرز کی حراستی سہولت میں ان کے ساتھ مبینہ بدسلوکی سے متعلق تحریری درخواست پیش کریں اور انہیں اگلی سماعت پر سینٹرل جیل منتقل کردیا جائے گا۔

جج نے دو مقدمات کی سماعت 21 ستمبر اور پانچ دیگر مقدمات کی سماعت 22 ستمبر تک ملتوی کردی۔

یاد رہے کہ جنوری 2016 میں رینجرز نے کراچی کے نواح میں ایک چھاپے میں عزیر بلوچ کی گرفتاری کا اعلان کیا تھا اور ان سے تفتیش کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔

مزید پڑھیں: عزیر بلوچ، نثار مورائی، بلدیہ ٹاؤن کی جے آئی ٹی رپورٹس پبلک کرنے کا اعلان

بعد ازاں غیر ملکی خفیہ ایجنسیوں کے لیے جاسوسی کے الزام کی وجہ سے ان کی تحویل سینٹرل جیل سے پاک فوج کو دے دی گئی تھی۔

دیگر ملکوں کے لیے جاسوسی کے الزام میں فوجی عدالت سے سزا سنائے جانے کے بعد جون میں محکمہ داخلہ سندھ نے مبینہ طور پر سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر عزیر بلوچ کو مرکزی جیل سے میٹھارام ہاسٹل منتقل کردیا تھا۔

گزشتہ ماہ انسداد دہشت گردی کی ایک عدالت نے لیاری گینگ وار کے کرتا دھرتا پر مبینہ طور پر ان کے حریف ارشد پپو، اس کے بھائی یاسر عرفات اور ایک معاون جمعہ شیرا کے 2013 میں تہرے قتل کیس میں فرد جرم عائد کی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں