مصر: منشیات اور نشے کے شکار 30 امیدوار پارلیمانی انتخابات کی دوڑ سے باہر

اپ ڈیٹ 28 ستمبر 2020
تمام 30 امیدواروں کے ڈرگ کے ٹیسٹ مثبت آئے— فائل فوٹو: اے ایف پی
تمام 30 امیدواروں کے ڈرگ کے ٹیسٹ مثبت آئے— فائل فوٹو: اے ایف پی

مصر نے منشیات اور نشے کی لت کا شکار 30 امیدواروں پر پارلیمانی انتخابات میں حصہ لینے پر پابندی عائد کردی ہے۔

مصری میڈیا کے مطابق انتخابات کی نگرانی کرنے والی کمیٹی نے طبی معائنے کی ہدایت کیے جانے کے بعد جن امیدواروں کے ڈرگ ٹیسٹ مثبت آئے، ان کو انتخابات کی دوڑ سے باہر کردیا ہے۔

مزید پڑھیں: مصر نے ترک صدر کا بیان ’غیر ذمہ دارانہ‘ قرار دے دیا

وزارت صحت کے نائب سیکریٹری ہشام مسعود کے مطابق 2020 کے پارلیمانی انتخابات کے سلسلے میں کُل 550 امیدواروں کے طبی معائنے کیے گئے اور اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ تمام رپورٹس مکمل ہوں اور ان کو الیکشن کمیشن بھیجا جائے گا۔

مینوفلا میں ایوان نمائندگی کے لیے انتخابات میں حصہ لینے والے چار امیدوار طبی بنیادوں پر نااہل قرار دیے گئے جبکہ کلیوبیہ میں تین امیدواروں کے ٹیسٹ مثبت آئے۔

اس کے علاوہ منصورہ میں تین خواتین سمیت 17 افراد کے منشیات کے سبب ٹیسٹ مثبت آنے کی وجہ سے انہیں نااہل کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: مصر: سیسی کے صدارتی انتخابات لڑنے پر فوج کی حمایت

ہفتے کو امیدواروں کی جانب سے نامزدگی کے فارم جمع کرانے کاآخری دن تھا اور 30 امیدواروں کی نااہلی سے چند پارٹیوں کو بڑا دھچکا لگا ہے۔

یاد رہے کہ 10 ستمبر کو مصر کی نیشنل الیکشن اتھارٹی نے مصر میں 24 اور 25 اکتوبر کو پارلیمانی انتخابات کرانے کا اعلان کیا تھا۔

مصر کے سمندر پار رہنے والے شہریوں کے لیے انتخابات 21، 22 اور 23 اکتوبر کو ہوں گے اور انتخابات کے بعد یکم نومبر کو انتخابی نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں