'ارطغرل غازی' کے مزید 2 اداکار پاکستانی برانڈ کے ایمبیسڈر بن گئے

اپ ڈیٹ 28 ستمبر 2020
دیریلیش ارطغرل میں کام کرنے والے تمام اداکار پاکستان بھر میں مقبول ہوچکے ہیں — فائل فوٹو:اسکرین شاٹ
دیریلیش ارطغرل میں کام کرنے والے تمام اداکار پاکستان بھر میں مقبول ہوچکے ہیں — فائل فوٹو:اسکرین شاٹ

ترک ڈرامے دیریلیش ارطغرل جسے پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) پر ارطغرل غازی کے نام سے اردو میں ترجمہ کرکے پیش کیا جارہا ہے میں ترگت الپ اور بامسی کا کردار ادا کرنے والے اداکار پاکستانی برانڈ کے ایمبیسڈر بن گئے۔

دیریلیش ارطغرل میں کام کرنے تمام اداکار پاکستان بھر میں مقبول ہوچکے ہیں اور دن بدن ان کی اس مقبولیت میں اضافہ ہورہا ہے۔

ڈرامے کی مقبولیت کے بعد جہاں پاکستانی مداحوں نے ارطغرل غازی کے کرداروں سے ملاقات کا اظہار کیا تھا وہیں تقریباً تمام اداکاروں نے ہی پاکستان آمد کا عندیہ دیا تھا۔

اگست کے مہینے ترگت الپ کا کردار ادا کرنے والے جنگیز خوشقون نے نجی پاکستانی ٹی وی چینل کو انٹرویو میں پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ مجھے پاکستان کی بریانی بہت پسند ہے اور جب میں پاکستان آؤں گا تو کراچی اور لاہور دونوں جگہ کی بریانی کھاؤں گا اور بتاؤں گا کہ کون سی بریانی زیادہ اچھی ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے پاکستانی ڈراموں اور فلموں میں کام کرنے کی مشروط آمادگی کا اظہار بھی کیا تھا۔

گزشتہ دنوں ارطغرل غازی میں دوآن الپ (روشان) کا کردار ادا کرنے والے جاوید چتین گونر پاکستان آئے تھے اور انہوں نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کا دورہ کیا تھا۔

مزید پڑھیں: ارطغرل غازی کے کردار 'دوآن الپ' کی پاکستان آمد

اور اب اسی شہرہ آفاق ڈرامے میں 'ترگت الپ' کا کردار ادا کرنے والے اداکار جنگیز جوشقون اور بامسی کا کردار ادا کرنے والے اداکار نورالدین سونمیر پاکستان کے معروف برانڈ کے ایمبیسڈر بن گئے۔

دونوں ترک اداکار پاکستانی برانڈ جے ڈاٹ فریگرینس کے برانڈ ایمبیسڈر بنے ہیں۔

اس حوالے سے جے ڈاٹ کی جانب سے سماجی رابطے کی معروف ویب سائٹ فیس بک پر جاری ہوسٹ میں دونوں ترک اداکاروں کے ساتھ بطور برانڈ ایمبیسڈر معاہدے کا اعلان کیا گیا۔

بعدازاں جے ڈاٹ فریگرینسز کی جانب سے مختلف ویڈیوز جاری کی گئیں تھیں جن میں بامسی اور ترگت الپ کے اداکاروں نے ایمبسیڈر مقرر ہونے کا اعلان کیا تھا۔

بامسی کا کردار ادا کرنے والے اداکار نورالدین سونمیر نے ویڈیو میں اردو زبان میں کہا کہ مجھے بہت خوشی ہے کہ آج میں پاکستان کے ساتھ فریگرینس جے ڈاٹ کا برانڈ ایمبیسڈر بنا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنے اور پاکستان کے عوام کے دل کا رشتہ محسوس کرتا ہوں، بہت جلد پاکستان میں ملاقات میں ہوگی۔

علاوہ ازیں ترگت الپ نے بھی ویڈیو پیغام میں کہا کہ ہیلو پاکستان، السلام علیکم، میں پاکستان کے معروف برانڈ کا برانڈ ایمبیسڈر بنے پر بہت پرجوش ہوں۔

خیال رہے کہ ان سے قبل ارطغرل غازی میں حلیمہ سلطان کا مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکارہ اسرا بیلگیچ نے رواں برس جولائی میں اسمارٹ فون کمپنی کیو موبائل کی برانڈ ایمبیسڈر بننے کا اعلان کیا تھا۔

— فوٹو بشکریہ کیو موبائل فیس بک پیج
— فوٹو بشکریہ کیو موبائل فیس بک پیج

جس کے بعد وہ جولائی ہی کے مہینے میں پاکستانی موبائل کمپنی جاز کی بھی برانڈ ایمبیسڈر بنی تھیں۔

بعدازاں رواں ماہ ارطغرل غازی کے مرکزی کردار نے دارالحکومت اسلام آباد کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے برانڈ ایمبیسڈر کا معاہدہ کیا تھا۔

تاہم اس ہاؤسنگ سوسائٹی کو راولپنڈی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) کی جانب سے غیر قانونی قرار دیے جانے کے باعث انجین التان دوزیتان نے معاہدہ منسوخ کردیا تھا۔

مزید پڑھیں: کیا 'ارطغرل غازی' کے مرکزی کردار نے پاکستانی برانڈ سے معاہدہ منسوخ کردیا؟

واضح رہے کہ ترک ڈرامے 'ارطغرل غازی' کو پی ٹی وی پر 24 اپریل سے نشر کیا جا رہا ہے اور اب اس کا دوسرا سیزن بھی شروع ہوچکا ہے۔

اس ڈرامے نے نشر ہوتے ہی پاکستان میں مقبولیت کے نئے ریکارڈ بنائے تھے اور اسے یوٹیوب پر محض 20 دن میں 21 کروڑ بار دیکھا جا چکا تھا۔

اس ڈرامے کی کہانی 13ویں صدی میں ’سلطنت عثمانیہ‘ کے قیام سے قبل کی ہے جو ’ارطغرل‘ نامی بہادر مسلمان سپہ سالار کے گرد گھومتی ہے، جنہیں ’ارطغرل غازی‘ بھی کہا جاتا ہے۔

ڈرامے میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح 13ویں صدی میں ترک سپہ سالار ارطغرل نے منگولوں، صلیبیوں اور ظالموں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھا۔

تبصرے (0) بند ہیں