دنیا کا پہلا فولڈ ایبل لیپ ٹاپ اب صارفین کے لیے دستیاب

29 ستمبر 2020
تھنک پیڈ ایکس 1 فولڈ — فوٹو بشکریہ لیناوو
تھنک پیڈ ایکس 1 فولڈ — فوٹو بشکریہ لیناوو

اگر آپ فولڈایبل لیپ ٹاپ خریدنا چاہتے ہیں تو ایسی ڈیوائس آخرکار اب صارفین کے لیے دستیاب ہے۔

جی ہاں اگر آپ فولڈ ایبل اسمارٹ فون کی جگہ لیپ ٹاپ خریدنا چاہتے ہیں تو لیناوو کا تھنک پیڈ ایکس 1 فولڈ ضرور پسند آئے گا۔

اس کا کانسیپٹ ڈیزائن گزشتہ سال مئی میں متعارف کرایا گیا تھا اور رواں سال جنوری میں لاس ویگاس میں سی ای ایس ٹیکنالوجی نمائش کے موقع پر کمپنی نے اعلان کیا تھا کہ رواں برس کے وسط میں صارفین اسے خرید سکیں گے۔

مگر کورونا وائرس کی وبا کے نتیجے میں اسے فروخت کے لیے پیش کرنے میں تاخیر ہوگئی اور اب کمپنی نے کہا ہے کہ تھنک پیڈ ایکس 1 فولڈ پری آرڈر میں دستیاب ہے۔

فوٹو بشکریہ لیناوو
فوٹو بشکریہ لیناوو

اس لیپ ٹاپ میں 13.3 انچچ کا لچکدار او ایل ای ڈی ٹچ اسکرن ڈسپلے دیا گیا ہے جو فولڈ ہونے پر 9.6 انچ کی 2 اسکرینوں میں تقسیم ہوجاتا ہے۔

لیپ ٹاپ میں اسٹین لیس اسٹیل فوئل بھی اندر دیا گیا ہے جو اسکرین کو خراشوں سے تحفظ فراہم کرتا ہے اور اس کے اوپر بھی ایک خصوصی کوٹنگ کی گئی ہے۔

مگر اس کے باوجود یہ اسکرین اتنی نرم ہے کہ آسانی سے فولڈ اور ان فولڈ ہوجاتی ہے۔

کمل ان فولڈ شکل میں ایکس ون فولڈ ایک ٹیبلیٹ کی طرح بن جاتا ہے جس پر فلمیں دیکھی جاسکتی ہیں اور ویب براﺅزنگ کی جاسکتی ہے۔

فوٹو بشکریہ لیناوو
فوٹو بشکریہ لیناوو

معمولی فولڈ پر اسے اسپلٹ اسکرین موڈ پر استعمال کرکے بیک وقت مختلف مواد اسکرینوں پر دیکھنا ممکن ہے۔

کمپنی کی جانب سے 5 میگا پکسل آئی آر کیمرا ڈسپلے کے اوپر دیا گیا ہے جبکہ ایکٹیو پین سے لیپ ٹاپ میں نیوی گیشن یا نوٹس بنائے جاسکتے ہیں، اس کے ساتھ ڈولبی اسٹیریو اسپیکرز بھی دیئے گئے ہیں۔

جب اسے مکمل فولڈ کیا جاتا ہے تو نچلے حصے کو لیپ ٹاپ کے کی بورڈ کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے جبکہ اوپری حصے مانیٹر کے طور پر کام کرتا ہے، ڈیوائس کے بیک پر کیس کے اندر ایک اسٹینڈ بلٹ ان ہے۔

فوٹو بشکریہ لیناوو
فوٹو بشکریہ لیناوو

لیپ ٹاپ کے ساتھ ایک فزیکل منی کی بورڈ بھی ہے جو نیچے لگایا جاسکتا ہے تاکہ ڈیسک ٹاپ کا تجربہ صارف کو مل سکے اور ان فولڈ کیے جانے پر یہ کی بورڈ ڈسپلے کے سامنے لگایا جاسکتا ہے جبکہ ماﺅس کا استعمال بھی ممکن ہے۔

اسے کسی کتاب کی طرح فولڈ کیے جانے پر اتنی جگہ بن جاتی ہے کہ اندر کی بورڈ کو داخل کیا جاسکے جو دونوں ڈسپلے کے درمیان سینڈوچ بن جاتا ہے اور جب استعمال نہ کیا جارہا ہو تو اسی حالت میں اسے چارج کیا جاسکتا ہے۔

لیپ ٹاپ میں 2 یو ایس بی ٹائپ سی پورٹس موجود ہیں، جبکہ ڈولبی اسٹیریو اسپیکرز اور ایک سم کارڈ ٹرے بھی ایل ٹی ای کنکٹویٹی کے لیے دی گئی ہے۔

جن علاقوں میں 5 جی کوریج موجود ہوگی وہاں یہ ڈیوائس سب 6 گیگاہرٹز 5 جی اسپیڈ سپورٹ فراہم کرے گی۔

فوٹو بشکریہ لیناوو
فوٹو بشکریہ لیناوو

لیپ ٹاپ میں انٹییل کور پراسیسر انٹیل ہائبرڈ ٹیکنالوجی سے لیس ہے جو خاص طور پر فولڈایبل ڈیوائس کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ انٹل یو ایچ ڈی جنریشن 11 گرافکس کارڈ، 8 جی بی ریم اور ایک ٹی بی سپر فاسٹ اسٹوریج دی گئی ہے۔

کمپنی کے مطابق ڈیوائس میں ونڈوز 10 پرو آپریٹنگ سسٹم موجود ہے جو اس کمپیوٹر کے لیے آپٹیمائز کیا گیا ہے۔

کمپنی کا دعویٰ ہے کہ لیپ ٹاپ کی 50 واٹ بیٹری ایک چارج پر 11 گھنٹے تک کام کرسکتی ہے جس کے ساتھ فاسٹ چارجنگ کے لیے 65 واٹ پاور اڈاپٹر دیا جائے گا۔

یہ ڈیوائس پری آرڈر میں 2499 ڈالرز (4 لاکھ 15 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں