بھارتی اداکار آفتاب شیوداسانی کورونا وائرس سے صحتیاب

اپ ڈیٹ 30 ستمبر 2020
بولی وڈ اداکار نے انسٹاگرام پر اپنے مداحوں کے ساتھ یہ خبر شیئر کی— فوٹو: ٹائمز آف انڈیا
بولی وڈ اداکار نے انسٹاگرام پر اپنے مداحوں کے ساتھ یہ خبر شیئر کی— فوٹو: ٹائمز آف انڈیا

کورونا وائرس کی تشخیص کے تقریبا 15 روز بعد بولی وڈ اداکار آفتاب شیوداسانی صحتیاب ہوگئے اور اب ان کا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔

بولی وڈ اداکار نے انسٹاگرام پر اپنے مداحوں کے ساتھ یہ خبر شیئر کی اور انہیں محفوظ رہنے پر زور دیا۔

11ستمبر کو اداکار نے سوشل میڈیا پر جاری ایک طویل پوسٹ میں عالمی وبا کا شکار ہونے کا اعلان کیا تھا، انہوں نے بتایا تھا کہ حال میں ان میں کورونا وائرس کی کچھ علامات جیسا کہ خشک کھانسی اور ہلکا بخار ہوا تھا جس کے باعث اداکار نے اپنا کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرایا تھا۔

مزید پڑھیں: بھارتی اداکار آفتاب شیوداسانی میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق

اداکار کے مطابق بدقسمتی سے ان کے کورونا وائرس ٹیسٹ کے نتائج مثبت آئے، ڈاکٹرز اور حکام کی طبی نگرانی کے تحت انہیں گھر میں قرنطینہ کی ہدایت کی گئی۔

اب آفتاب شیو داسانی نے اپنی پوسٹ میں یہ لکھا کہ میں آپ کو بتاتے ہوئے بہت خوش اور پُرسکون ہوں کہ میں نے دوبارہ کورونا وائرس کا ٹیسٹ کروایا تھا جو منفی آیا ہے۔

اس کے ساتھ ہی اداکار نے نیک خواہشات کا اظہار کرنے پر مداحوں کو شکریہ بھی ادا کیا۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

انہوں نے لکھا کہ 'برائے کرم یہ جان لیں کہ یہ بیماری قابل علاج ہے اور 20 فیصد سے بھی کم کیسز تشویشناک ہوتے ہیں جنہیں ہسپتال میں داخل کرنے کی ضرورت ہوتی ہے'۔

آفتاب شیوداسانی نے لکھا کہ زیادہ تر لوگ گھر میں دوا لینے سے صحتیاب ہوجاتے ہیں لہذا اگر بدقسمتی سے آپ اس کا شکار ہوجاتے ہیں تو خوف و ہراس کا شکار نہ ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: ارجن کپور کے بعد ملائیکا اروڑا بھی کورونا کا شکار

انہوں نے عوام سے ایک مرتبہ پھر سماجی فاصلہ برقرار رکھنے اور وبا ختم ہونے تک ماسکس اور سینیٹائزرز کے استعمال کی درخواست بھی کی۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ اس کے لیے تیار نہیں تھے اور اہلخانہ سے ملاقات کا سوچ رہے تھے۔

آفتاب شیوداسانی نے کہا تھا کہ میری فلم پوائزن ٹو کی شوٹنگ مکمل ہوگئی تھی اور میں لندن جانے کا سوچ رہا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ جب کورونا کی تصدیق کی رپورٹ دیکھی تھی تو مجھے دھچکا لگا تھا، چند منٹس تک میں یہ نہیں جانتا تھا کہ اس پر کیا ردعمل دوں، میرے دماغ میں ہزاروں خیالات تھے۔

اداکار نے کہا تھا کہ میرا شیڈول متاثر ہونے جارہا تھا، ہم کورونا وائرس کے حوالے سے سنتے ہیں، بات کرتے اور پڑھتے ہیں لیکن جب تک خود کے ساتھ ایسا نہیں ہوتا ہے تب تک یہ خبر ہی ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ آہستہ آہستہ میں نے خود کو سنبھالا اور اس کا مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

اداکار کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد ڈاکٹروں کی ہدایت کے مطابق گھر میں آئسولیشن میں تھے۔

آفتاب شیوداسانی نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ فائٹر ہیں اور رہیں گے، ساتھ ہی انہوں نے بتایا تھا کہ وہ اسکرپٹس پڑھ رہے ہیں، ایک تھرلر اور دوسری ہارر فلم کے لیے ان کی بات چیت چل رہی ہے جن کی شوٹنگ ایک ماہ بعد شروع ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ میں شوٹنگ سے قبل اہلخانہ سے ملاقات کا ارادہ کررہا ہوں اور اپنی بیٹی سے ملنے کا بے صبری کا انتظار ہے۔

مزید پڑھیں: بولی وڈ اداکار ارجن کپور بھی کورونا کا شکار

خیال رہے کہ بھارت اس وقت کورونا وائرس کے کیسز کے لحاظ سے دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے، 30 ستمبر تک بھارت میں عالمی وبا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 62 لاکھ 25 ہزار سے زائد جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 97 ہزار سے تجاوز کرچکی تھیں۔

چند روز قبل بولی وڈ اداکار 35 سالہ ارجن کپور میں کورونا کی تشخیص ہوئی تھی جس کے ایک روز بعد اداکارہ ملائیکا اروڑا میں بھی کورونا کی تصدیق ہوئی تھی۔

یاد رہے کہ متعدد بولی وڈ شخصیات کورونا میں مبتلا ہوچکی تھیں تاہم تمام ہی شخصیات ایک سے ڈیڑھ ماہ کے دوران صحت یاب ہو گئیں۔

عالمی وبا سے متاثر ہونے والی بولی وڈ شخصیات میں امیتابھ بچن، ابھیشیک بچن، ایشوریا رائے، جینیلیا ڈی سوزا اور کرن کمار سمیت دیگر شامل ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں