حکومت کا پیٹرول کی موجودہ قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ

30 ستمبر 2020
آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 103روپے 97 پیسے پر برقرار رہے گی — فائل فوٹو / اے ایف پی
آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 103روپے 97 پیسے پر برقرار رہے گی — فائل فوٹو / اے ایف پی

حکومت نے اوگرا کی سمری مستر کرکے آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرول کی قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں کمی کی گئی ہے۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق یکم اکتوبر سے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 2 روپے 40 پیسے فی لیٹر کم کردی گئی ہے۔

قیمت میں کمی کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 104 روپے 6 پیسے فی لیٹرمقرر کی گئی ہے۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 103روپے 97 پیسے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت 65 روپے 29 پیسے فی لیٹر پر برقرار رہے گی۔

اسی طرح لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 62 روپے 86 پیسےفی لیٹر پر برقرار رکھی جائے گی۔

ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔

واضح رہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے یکم اکتوبر سے 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سمری بھیجی تھی، جس کے مطابق قیمتوں میں 3 سے 4 فیصد کمی کی تجویز دی گئی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں