خواجہ آصف کا بیان اپوزیشن میں دراڑ ڈالنے کی کوشش ہے، آصف زرداری

اپ ڈیٹ 05 اکتوبر 2020
شریک چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ اپوزیشن میں ہوتے ہیں تو اس طرح کے کیسز بنتے ہیں رہتے ہیں—فائل فوٹو: ڈان نیوز
شریک چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ اپوزیشن میں ہوتے ہیں تو اس طرح کے کیسز بنتے ہیں رہتے ہیں—فائل فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زداری نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف کے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا یہ بیان اپوزیشن میں دراڑیں ڈالنے کی کوشش ہے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 'خواجہ آصف نے میرے خلاف بیان کسی کی ایما پر دیا ہوگا'۔

ایک سوال کے جواب میں سابق صدر نے کہا کہ خواجہ آصف کا بیان اپوزیشن کو تقسیم کرنے کی کوشش ہے۔

یہ بھی پڑھیں:اپوزیشن، حکومت اور فوج کے درمیان دراڑ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے، وزیراعظم

خیال رہے کہ ایکسپریس نیوز کے پروگرام ٹو دی پوائنٹ میں اینکر منصور علی خان سے گفتگو کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی رہنما خواجہ آصف نے کہا تھا کہ انہیں آج بھی آصف زرداری کے حوالے سے تحفظات ہیں، انہوں نے کہا تھا کہ میں اب بھی ان پر یقین نہیں رکھتا۔

خواجہ آصٖف کا مزید کہنا تھا کہ میری اس بات کے پس پردہ تناظر سے کچھ لوگ واقف ہیں میرے لیے آج بھی ان پر یقین کرنا مشکل ہے۔

بعدازاں رہنما مسلم لیگ (ن) نے ایک بیان میں سابق صدر سے معذرت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’میرے بیان سے اگر اُن کی دل آزاری ہوئی ہے تو میں معذرت خواہ ہوں‘۔

خواجہ آصف نے آصف علی زرداری کے حوالے سے اپنے بیان کی وضاحت ہوئے کہا تھا کہ ان سے متعلق بیان سیاق و سباق سے الگ تھا۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ میں اتحادی ہیں اور اس پلیٹ فارم سے حکومت کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان کر چکے ہیں۔

مزید پڑھیں: اپوزیشن اتحاد 'پی ڈی ایم' کا 11 اکتوبر کو کوئٹہ میں جلسے کا اعلان

علاوہ ازیں لندن میں آصف زرداری سے متعلق خواجہ آصف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا تھا کہ دل پر ایسی باتیں لگی ہیں، جب دل زخمی ہو تو ایسی باتیں تکلیف دیتی ہیں۔

خواجہ آصف کے بیان پر نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہماری پارٹی کی بالکل یہ پالیسی نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ آصف زرداری کے لیے دل میں بڑا احترام ہے، وہ پی ڈی ایم کا حصہ ہیں، ان کا دل سے احترام کرتا ہوں۔

یہ بھی پڑھیں:عسکری قیادت کی اپوزیشن رہنماؤں سے ملاقات، 'فوج کو سیاست میں نہ گھسیٹا جائے'

دوسری جانب اپنے کیسز کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں شریک چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ اپوزیشن میں ہوتے ہیں تو اس طرح کے کیسز بنتے ہیں رہتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں سابق صدر نے کہا کہ اب کسی کی تقریر روکنا کسی کے بس کی بات نہیں ہے۔

اس موقع پر ایک صحافی نے دریافت کیاکہ حکومت کو مزید کتنے وقت کے لیے دیکھ رہے ہیں جس پر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ ابھی تو ابتدا کی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں