پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز 3 لاکھ 20 ہزار سے زائد، 3 لاکھ 5 ہزار صحتیاب

اپ ڈیٹ 14 اکتوبر 2020
کورونا وائرس کی دوسری لہر کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے—فائل فوٹو: اےا یف پی
کورونا وائرس کی دوسری لہر کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے—فائل فوٹو: اےا یف پی

دنیا بھر کا نقشہ تبدیل کرکے رکھ دینے والی عالمی وبا کے پاکستان میں بھی نئے کیسز اور اموات کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ چند روز میں اس میں اضافہ ہوا ہے جبکہ موسم کی بدلتی صورتحال کے باعث اس کی دوسری لہر کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

ملک میں اگرچہ کورونا وائرس کی مجموع صورتحال بہتر ہے تاہم کچھ مقامات پر کیسز میں اضافے کے بعد ایک مرتبہ پھر اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔

پاکستان میں اس عالمی وبا کے مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 20 ہزار 741 ہے جس میں سے 3 لاکھ 5 ہزار 80 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ 6 ہزار 605 کا انتقال ہوا ہے۔

آج 14 اکتوبر کی صبح تک ملک میں کورونا وائرس کے مزید 611 مریضوں اور 11 اموات کی تصدیق ہوئی جبکہ 471 افراد شفایاب بھی ہوگئے۔

ان مجموعی کیسز میں بلوچستان کے 36 کیسز گزشتہ روز کے تھے جو آج رپورٹ ہوئے، جس کے بعد وہاں کیسز کی مجموعی تعداد 15 ہزار 577 ہوگئی۔

اگر اس وائرس کی بات کریں تو اس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد یہ پورے ملک میں پھیل گیا۔

ابتدا میں اس وائرس کے کیسز کی تعداد کم تھی تاہم بعد ازاں اس میں اضافہ ہونا شروع ہوا اور مئی اور جون میں کافی کیسز رپورٹ ہوئے۔

جون میں تو صورتحال یہاں تک پہنچ گئی تھی کہ یومیہ 6 ہزار سے زائد کیسز اور 100 سے زائد اموات رپورٹ ہونے لگی تھیں، مزید یہ ہسپتالوں پر دباؤ بڑھنے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں تھیں۔

تاہم جولائی میں وائرس کے کیسز میں کمی آنے کا سلسلہ شروع ہوا جو اگست میں کچھ بہتر ہوا اور پھر ستمبر میں اس میں مزید بہتری دیکھی جارہی ہے۔

اسی صورتحال کو دیکھتے ہوئے ملک میں 6 ماہ سے بند تعلیمی اداروں کو بھی 15 ستمبر سے مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ کیا گیا تاہم گزشتہ کچھ روز سے کیسز میں اضافہ رپورٹ ہوا ہے جس کے بعد کچھ مقامات پر اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔

سندھ

سندھ میں بدھ کو کورونا کے مزید 241 کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 40 ہزار 997 ہوگئی۔

وزیر اعلیٰ کے دفتر سے جاری یومیہ رپورٹ میں 4 مریضوں کے جاں بحق ہونے کی بھی تصدیق کی گئی جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 2566 ہوگئی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران سندھ میں 9234 ٹیسٹ کیے گئے۔

پنجاب

ملک میں آبادی کے حساب سے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 122 مریضوں کی تصدیق ہوئی جبکہ 6 افراد کا انتقال ہوا۔

سرکاری پورٹل کے مطابق صوبے میں ان نئے مریضوں کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد ایک لاکھ ایک ہزار 14 ہوگئی۔

اس کے علاوہ 6 افراد کے انتقال کرجانے سے اموات کی مجموعی تعداد 2 ہزار 270 تک پہنچ گئی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس مزید 98 افراد کو متاثر کیا۔

ان نئے مریضوں کے بعد وفاقی دارالحکومت میں کیسز کی مجموعی تعداد 17 ہزار 526 تک پہنچ گئی۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے 37 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 38 ہزار 464 ہوگئی۔

صوبے میں بدھ کو وبا سے کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا اور اموات کی تعداد 1264 پر برقرار ہے۔

گلگت بلتستان

ملک کے کم متاثرہ علاقوں میں سے ایک گلگت بلتستان میں کورونا کی عالمی وبا کے 10 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری پورٹل کے مطابق ان 10 نئے مریضوں نے کیسز کی مجموعی تعداد کو 3 ہزار 965 تک پہنچا دیا۔

آزاد کشمیر

پاکستان کے سب سے کم متاثر حصے آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے 67 نئے مریضوں او 2 اموات کی تصدیق ہوئی۔

آزاد کشمیر میں ان نئے مریضوں کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 3 ہزار 198 ہوگئی۔

اس کے علاوہ اموات میں 2 کے اضافے سے وہاں مجموعی تعداد 80 تک پہنچ گئی۔

صحتیاب افراد

ملک میں صحتیاب افراد کی تعداد میں بھی اضافہ دیکھا جارہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں 471 مریض شفایاب ہوگئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مزید 471 مریضوں کے صحتیاب ہونے کے بعد مجموعی تعداد 3 لاکھ 5 ہزار 80 تک پہنچ گئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 320741

اموات: 6605

صحت یاب:305080

فعال کیسز: 9056

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 40 ہزار 997 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ ایک ہزار 14 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 38 ہزار 464 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 15 ہزار 577 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 17 ہزار 526 ، گلگت بلتستان میں 3 ہزار 965 اور آزاد کشمیر میں 3 ہزار 198 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد:

سندھ: 2566

پنجاب: 2270

خیبرپختونخوا: 1264

بلوچستان: 146

اسلام آباد: 189

گلگت بلتستان: 90

آزاد کشمیر: 80

تبصرے (0) بند ہیں