پاکستان میں کورونا وائرس کے فعال کیسز 10 ہزار سے بڑھ گئے

اپ ڈیٹ 24 اکتوبر 2020
ملک میں کیسز میں اضافہ ہورہا ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
ملک میں کیسز میں اضافہ ہورہا ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان میں ایک مرتبہ پھر کورونا وائرس کے کیسز اور اموات میں اضافہ ہورہا ہے اور ایک طویل عرصے بعد ملک میں اس عالمی وبا کے فعال کیسز 10 ہزار سے تجاوز کرگئے۔

ملک میں اس عالمی وبا کے مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 27 ہزار 367 ہے جس میں سے 3 لاکھ 10 ہزار 101 افراد صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ 6 ہزار 731 کا انتقال ہوا ہے۔

آج 24 اکتوبر کو ملک میں کورونا وائرس کے مزید 846 کیسز اور 13 اموات کا اضافہ ہوا جبکہ 455 مریض صحتیاب ہوئے۔

ان کیسز میں بلوچستان کے 24 اور خیبرپپختونخوا کے 37 کیسز اور ایک موت شامل تھی جو گزشتہ روز کے اعداد و شمار تھے۔

اگر اس وائرس کی بات کریں تو اس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد یہ پورے ملک میں پھیل گیا۔

ابتدا میں اس وائرس کے کیسز کی تعداد کم تھی تاہم بعد ازاں اس میں اضافہ ہونا شروع ہوا اور مئی اور جون میں کافی کیسز رپورٹ ہوئے۔

جون میں تو صورتحال یہاں تک پہنچ گئی تھی کہ یومیہ 6 ہزار سے زائد کیسز اور 100 سے زائد اموات رپورٹ ہونے لگی تھیں، مزید یہ ہسپتالوں پر دباؤ بڑھنے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں تھیں۔

تاہم جولائی میں وائرس کے کیسز میں کمی آنے کا سلسلہ شروع ہوا جو اگست میں کچھ بہتر ہوا اور پھر ستمبر میں اس میں مزید بہتری دیکھی جارہی ہے۔

اسی صورتحال کو دیکھتے ہوئے ملک میں 6 ماہ سے بند تعلیمی اداروں کو بھی 15 ستمبر سے مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ کیا گیا تاہم گزشتہ کچھ روز سے کیسز اور میں اضافہ رپورٹ ہوا ہے۔

سندھ

وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے سندھ میں وبا کے 304 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 43 ہزار 526 ہوگئی۔

صوبے میں وائرس کے مزید 4 مریض جاں بحق بھی ہوئے جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 2598 ہوگئی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران سندھ میں مزید 162 افراد صحتیاب بھی ہوئے۔

پنجاب

ملک میں آبادی کے حساب سے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 214 مریضوں کی تصدیق ہوئی جبکہ 5 افراد لقمہ اجل بنے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق صوبے میں ان نئے مریضوں کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 2 ہزار 467 ہوگئی۔

مزید یہ کہ 9 افراد کے انتقال کرجانے سے مجموعی اموات کی تعداد 2 ہزار 334 ہوگئی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس مزید 186 افراد کو متاثر کیا جبکہ 2 کی موت واقع ہوئی۔

ان نئے مریضوں کے بعد وفاقی دارالحکومت میں کیسز کی مجموعی تعداد 18 ہزار 764 تک پہنچ گئی۔

اس کے علاوہ 2 افراد کے انتقال کرجانے سے مجموعی اموات کی تعداد 207 ہوگئی۔

گلگت بلتستان

ملک کے کم متاثرہ علاقوں میں سے ایک گلگت بلتستان میں کورونا کی عالمی وبا کے 21 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری پورٹل کے مطابق ان 7 نئے مریضوں نے کیسز کی مجموعی تعداد کو 4 ہزار 148 تک پہنچا دیا۔

آزاد کشمیر

پاکستان کے سب سے کم متاثر حصے آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے 60 نئے مریضوں اور ایک موت کی تصدیق ہوئی۔

آزاد کشمیر میں ان نئے مریضوں کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 3 ہزار 748 ہوگئی۔

اس کے علاوہ اموات میں ایک کے اضافے سے وہاں مجموعی تعداد 86 تک پہنچ گئی۔

صحتیاب افراد

ملک میں صحتیاب افراد کی تعداد میں بھی اضافہ دیکھا جارہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں 455 مریض شفایاب ہوگئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مزید 654 مریضوں کے صحتیاب ہونے کے بعد مجموعی تعداد 3 لاکھ 10ہزار 101 تک پہنچ گئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 327367

اموات: 6731

صحتیاب: 310101

فعال کیسز: 10535

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 43 ہزار 526 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ 2 ہزار 467 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 38 ہزار 923 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 15 ہزار 791 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 18 ہزار 764 ، گلگت بلتستان میں 4ہزار 148 اور آزاد کشمیر میں 3 ہزار 748 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد:

سندھ: 2598

پنجاب: 2334

خیبرپختونخوا: 1268

بلوچستان: 148

اسلام آباد: 207

گلگت بلتستان: 90

آزاد کشمیر: 86

تبصرے (0) بند ہیں