پشاور دھماکے پر شوبز شخصیات کا دکھ کا اظہار

اپ ڈیٹ 27 اکتوبر 2020
فوٹوز: فیس بک /انسٹاگرام —
فوٹوز: فیس بک /انسٹاگرام —

آج (27 اکتوبر کو) صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں مدرسہ جامعہ زبیریہ میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں طلبہ سمیت 8 افراد جاں بحق جبکہ 110 زخمی ہوگئے تھے۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) آپریشن منصور امان نے بتایا تھا کہ دھماکا پشاور کی دیر کالونی میں واقع ایک مدرسے میں ہوا۔

دھماکے کے بعد پولیس، ریسکیو حکام اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوع پر پہنچے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

منصور امان کا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ امپرووائزڈ ایکسپلوزو ڈیوائس (آئی ای ڈی) دھماکا تھا جس میں 5 سے 6 کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا۔

مزید پڑھیں: پشاور: مدرسے میں دھماکا، 8 افراد جاں بحق، 110 زخمی

اس دھماکے پر کئی نامور شخصیات اور سوشل میڈیا صارفین نے افسوس کا اظہار کیا تھا وہیں شوبز شخصیات نے بھی گہرے دکھ کا اظہار کیا.

اداکار و گلوکار علی ظفر نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ پشاور میں واقع مدرسے پر دہشت گرد حملے سے بہت دکھ پہنچا۔

انہوں نے کہا کہ اس حملے نے پشاور اسکول حملے کی ہولناک یادیں تازہ کردی ہیں۔

گلوکار سلمان احمد نے کہا کہ پشاور دھماکا اس بات کی افسوسناک یاد دہانی ہے کہ وہ بزدل لوگ جو معصوم پاکستانیوں کو نشانہ بنانے کے لیے تاریکی میں چھپ جاتے ہیں وہ ان قوتوں سے ملے ہوئے ہیں جو عدم استحکام اور انتشار پیدا کرتے ہیں، وہ کامیاب نہیں ہوں گے۔

اداکار ہمایوں سعید نے ٹوئٹ کیا کہ پشاور مدرسے میں دہشت گرد حملے سے متعلق جان کر بہت دکھ ہوا، ہمارے بچوں کو دوبارہ خون آلود ہونے کے خیال نے دماغ کو سن کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ان خاندانوں کا ناقابل تلافی نقصان ہے، میری تمام دعائیں متاثرین کے ساتھ ہیں، اللہ ہم سب کو محفوظ رکھے۔

گلوکار فرحان سعید نے بھی اس افسوسناک واقعے پر دکھ کا اظہار کیا اور لکھا کہ میں غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کا شریک اور زخمیوں کے لیے دعا گو ہوں۔

اداکار، میزبان اور گلوکار فخر عالم نے پشاور میں ہونے والے دھماکے کو بچوں پر بزدلانہ دہشت گرد حملہ قرار دیا اور کہا کہ پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی واضح حکمت عملی ہے۔

فخر عالم نے کہا کہ ایک یہ بیرونی اور اندرونی بزدلوں کی جانب سے ایک مربوط کوشش ہے لیکن قوم پُرعزم کھڑی ہے اور ہمارا امن اور ترقی کا عزم نہیں رکے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں