بھارت: خاتون کا 'گنجے' شوہر کے خلاف مقدمہ

اپ ڈیٹ 02 نومبر 2020
27 سالہ خاتون کی شادی گزشتہ ماہ ہوئی تھی — فائل فوٹو: شٹراسٹاک
27 سالہ خاتون کی شادی گزشتہ ماہ ہوئی تھی — فائل فوٹو: شٹراسٹاک

بھارت کے شہر ممبئی میں 27 سالہ خاتون نے شوہر کی جانب سے گنج پن چھپانے کا الزام عائد کرتے ہوئے نیا نگر پولیس تھانے میں دھوکا دہی کا مقدمہ درج کرادیا۔

ٹائمز ناؤ کی رپورٹ کے مطابق 27 سالہ خاتون کی شادی گزشتہ ماہ ہوئی تھی اور ان کے شوہر کی عمر29 برس ہے۔

تاہم ان کے شوہر اور سسرالیوں نے خاتون کے اہلخانہ سے یہ بات چھپائی کہ وہ گنجے ہیں جس کے باعث انہوں نے شوہر پر دھوکا دہی کا الزام عائد کیا ہے۔

خاتون نے بتایا کہ شادی کے بعد معلوم ہوا کہ ان کے شوہر گنجے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ ان کے شوہر ایک وِگ پہن رہے تھے۔

مزید پڑھیں: گنج پن سے نجات میں مددگار آسان علاج دریافت

شکایت کنندہ نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے جب انہوں نے یہ معاملہ اپنے سسرالیوں کے سامنے اٹھایا تو انہوں نے کہا کہ یہ کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہے۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق نیا نگر پولیس اسٹیشن کے سینئر انسپکٹر کیلاش بارو نے کہا کہ ملزم کی شادی رواں برس ستمبر میں ہوئی تھی جو ایک چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خاتون کو بعد میں علم ہوا کہ ان کے شوہر کے سر پر بال نہیں اور وہ وگ پہن رہے تھے۔

چند روز قبل خاتون نے نیا نگر پولیس اسٹیشن سے رجوع کیا تھا اور اپنے شوہر اور سسرالیوں کے خلاف شکایت درج کروائی تھی۔

کیلاش بارو نے بتایا کہ خاتون نے یہ الزام بھی لگایا ہے کہ ان کے سسرال والے مزید جہیز کا مطالبہ کرتے ہوئے انہیں ہراساں کررہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: شوہر کے نہ لڑنے اور بہت زیادہ محبت پر خاتون کا طلاق کا مطالبہ

خاتون نے پولیس کو بتایا کہ شوہر ان پر شک کرتا ہے اور وہ ان کا فون ہیک کرکے چیٹس اور کال ریکارڈز چیک کرتے ہیں۔

سینئر انسپکٹر نے کہا کہ خاتون کی شکایت پر ان کے شوہر اور ساس سسر کے خلاف انڈین پینل کوڈ (آئی پی سی) کی دفعات 498، 377، 406 اور 500 اور انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی ایکٹ) کے سیکشنز 66 اور 66 (سی) کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خاتون کے شوہر نے پیشگی ضمانت کے لیے علاقے کی عدالت سے رجوع کیا تھا لیکن ان کی درخواست ضمانت مسترد ہوگئی ہے اور عدالت نے انہیں پولیس کے سامنے سرنڈر کرنے کا حکم دیا ہے۔

سینئر انسپکٹر کا کہنا تھا کہ ہم انہیں ایک سے 2 دن میں گرفتار کرلیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں