پاک بحریہ کے سابق سربراہ ایڈمرل فصیح بخاری انتقال کر گئے

اپ ڈیٹ 25 نومبر 2020
ایڈمرل (ر) فصیح بخاری—تصویر: پاک بحریہ فیس بک
ایڈمرل (ر) فصیح بخاری—تصویر: پاک بحریہ فیس بک

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) کے سابق چیئرمین اور پاک بحریہ کے سابق سربراہ ایڈمرل فصیح بخاری اسلام آباد میں انتقال کر گئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے 1962 میں پاک بحریہ میں کمیشن حاصل کیا اور 1997 سے 1999 تک پاک بحریہ کے سربراہ رہے۔

ترجمان پاک بحریہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق مرحوم کی نمازِ جنازہ آج بعد نمازِ عصر چک شہزاد اسلام آباد میں ادا کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: پاک بحریہ کے پہلے ‘دوارکا آپریشن’ کے غازی اقبال فضل قادر انتقال کرگئے

سابق نیول چیف 1965 کی جنگ میں دشمن کے لیے خوف کی علامت سمجھے جانے والے دوارکا آپریشن کا حصہ تھے۔

اس کے علاوہ وہ 1971 کی جنگ میں بھارتی جہاز ککری کو سمندر برد کرنے والی پاکستانی آبدوز ہنگور میں اہم ذمہ داری پر فائز تھے۔

ایڈمرل (ر) فصیح بخاری نے کمانڈر پاکستان فلِیٹ اور چیف آف اسٹاف کے طور پر بھی فرائض سر انجام دیے۔

ایڈمرل فصیح بخاری نے 1997 میں بطور سربراہ پاک بحریہ کی ذمہ داریاں سنبھالیں اور ان کی اعلیٰ پیشہ وارانہ خدمات اور بہادری کے اعتراف میں نشان امتیاز (ملٹری) اور ستارہ بسالت سے بھی نوازا گیا۔

ترجمان پاک بحریہ کا کہنا تھا کہ ایڈمرل فصیح بخاری کا 4 دہائیوں پر محیط تاریخی اور شاندار کیریئر بہترین پیشہ وارانہ اور قائدانہ صلاحیتوں کا عکاس ہے۔

مزید پڑھیں:ایڈمرل امجد خان نیازی نے پاک بحریہ کے سربراہ کا منصب سنبھال لیا

نیول چیف نے مرحوم کی ملک و قوم کے دفاع کے لیے ناقابلِ فراموش خدمات کو سراہا اور مرحوم کی مغفرت جبکہ لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

آرمی چیف کا اظہار تعزیت

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی پاک بحریہ کے سابق سربراہ ایڈمرل (ر) فصیح بخاری کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل افتخار بابر کے ٹوئٹ کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے فصیح بخاری کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ ا تعالیٰ مرحوم کے درجات کو بلند اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں