تصور کریں آپ نلکا کھولیں اور پانی بہنے لگے مگر اچانک ہی اس میں اس طرح آگ بھڑک اٹھے جیسے وہ پٹرول ہو، تو پھر؟

ایسا حیرت انگیز واقعہ چین میں پیش آیا جہاں ایک پورے علاقے میں پینے کے پانی کی سپلائی کو ایک وائرل ویڈیو کے بعد معطل کیا گیا، جس میں نلکے سے بہنے والے پانی میں آگ بھڑکتی ہوئی دکھائی گئی تھی۔

چین کے صوبے لیاؤننگ کے شہر پانجن کے رہائشیوں کا کہنا تھا کہ اس طرح کے واقعات 2018 سے پیش آرہے تھے۔

ایک رہائشی کے مطابق 3 سے 4 سال سے اس کے برتن نلکے کے پانی کے باعث چکنے اور گیس دار ہوگئے ہیں۔

اس خاتون وین نے بتایا کہ گھر کے نلکوں میں آگ پکڑنے والے پانی کے بہاؤ کا مسئلہ ایک ویڈیو کے سامنے آنے تک حل نہیں ہوسکا تھا جو انہوں نے سوشل میڈیا پر شیئر کی۔

اس وائرل ویڈیو کو چینی میڈیا میں کافی نمایاں جگہ ملی۔

اس ویڈیو میں دکھایا گیا تھا کہ ایک شخص نے نلکے سے بہتے پانی میں لائٹر سے آگ لگا دی، جسے اب تک کروڑوں بار چینی سوشل میڈیا سائٹس پر دیکھا جاچکا ہے۔

وین نے چینی میڈیا کو بتایا نلکوں میں آنے والے عام پانی کے مقابلے میں ہمارے علاقے میں پانی ہمیشہ سے زیادہ چکنا محسوس ہوتا تھا'۔

ان کے والد نے مقامی ادارے کو بھی رواں سال شکایت جمع کرائی تھی مگر مسئلہ حل نہیں ہوسکا بلکہ بلوں میں رعایت کی پیشکش کی گئی۔

وین نے بتایا 'میری ماں کو ہماری صحت کے حوالے سے خدشات تھے کیونکہ پانی میں گیس تو موجود تھی مگر بو نہیں تھی، ہمیں آگ پکڑنے والے پانی کا پہلی بار علم 3 سے 4 سال قبل ہوا تھا'۔

علاقے کے رہائشی بھی اس انکشاف سے حیران نہیں تھے کیونکہ کم از کم ایک گھر میں اسی طرح آگ لگنے کا واقعہ رپورٹ ہوچکا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے چند گھنٹوں بعد علاقے میں پانی کی فراہمی روک دی گئی اور ابتدائی تحقیقات کے نتائج 24 نومبر کو جاری ہوئے۔

تحقیقات میں معلوم ہوا کہ قدرتی گیس پانی کی سپلائی میں شامل ہوگئی تھی جس سے سو سے زیادہ گھر متاثر ہوئے۔

رہائشیوں کی جانب سے تو دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایسا کئی سال سے ہورہا تھا مگر مقامی حکومت کا کہنا تھا کہ ایسا حالیہ عرصے مین ہوا۔

پانجن کا شہر قدرتی گیس کے ذخائر کے لیے جانا جاتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں