سوڈان کے سابق وزیراعظم صادق المہدی کا کورونا وائرس سے انتقال

اپ ڈیٹ 26 نومبر 2020
فراہم کردہ اطلاعات کے مطابق انہیں تین ہفتے قبل سوڈان کے ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا—فائل فوٹو: رائٹرز
فراہم کردہ اطلاعات کے مطابق انہیں تین ہفتے قبل سوڈان کے ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا—فائل فوٹو: رائٹرز

سوڈان کے سابق وزیراعظم اور حزب اختلاف کے رہنما صادق المہدی کورونا وائرس سے انتقال کرگئے۔

غیرملکی خبررساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق اعتدال پسند اسلامی امت پارٹی کی جانب سے ان کے انتقال کی تصدیق کردی گئی۔

مزید پڑھیں: پولینڈ کے وزیر اعظم کورونا وائرس میں مبتلا

پارٹی کی جانب سے بتایا گیا کہ سوڈان میں جمہوری طور پر منتخب ہونے والے آخری 84 سالہ وزیر اعظم جمعرات کے روز انتقال کر گئے۔

فراہم کردہ اطلاعات کے مطابق انہیں تین ہفتے قبل مقامی ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔

ان کی پارٹی کے مطابق کووڈ 19 میں مبتلا ہونے کے بعد انہیں علاج کے لیے متحدہ عرب امارات منتقل کیا گیا تھا۔

گزشتہ ماہ صادق المہدی کے اہل خانہ نے کہا تھا کہ انہیں کووڈ 19 کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

ایک بیان میں ان کی پارٹی نے کہا کہ صادق المہدی کو جمعہ کی صبح سوڈان کے شہر اودمرمن میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی میں کورونا وائرس کی تشخیص

انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ 'ہم ان کی وفات پر سوڈانی عوام سے اظہار تعزیت کرتے ہیں'۔

حکومت نے سابق وزیر اعظم کے لیے تین روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے۔

خیال رہے کہ سوڈان میں 17 ہزار کورونا کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 12 سو افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

حال ہی میں برطرف کیے جانے والے صدر عمر البشیر نے 1989 میں صادق المہدی کی حکومت کا تختہ پلٹ دیا تھا۔

جس کے بعد اپریل 2019 میں سوڈان کی فوج نے ملک میں جاری مظاہروں کے باعث 30 سال سے زیر اقتدار صدر عمر البشیر کو برطرف کرنے کے بعد گرفتار کرلیا تھا۔

یاد رہے کہ صادق المہدی 1966 سے 1967 تک سوڈان کے وزیراعظم رہے تھے جس کے بعد 1986 میں ایک مرتبہ پھر وزیراعظم منتخب ہوئے اور 1989 کو ان کی حکومت کو لپیٹ لیا گیا جس کے بعد ملک میں انتخابی عمل رک گیا۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس ایک مرتبہ پھر اپنی جڑیں مضبوط کرچکا ہے۔

مزیدپڑھیں: پراسرار طور پر کورونا سے متاثر الجیریا کے صدر جرمنی میں زیر علاج

حال ہی میں کورونا وائرس سے متاثر الجیریا کے صدر عبدالمجید جرمنی کے ہسپتال میں انتقال کرگئے تھے۔

واضح رہے کہ دنیا میں اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد 6 کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے 14 لاکھ 29 ہزار افراد ہلاک جبکہ 4 کروڑ 21 لاکھ سے زائد افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔

امریکا سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے جہاں کیسز کی تعداد ایک کروڑ 31 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔

علاوہ ازیں دوسرے نمبر پر بھارت ہے جہاں 92 لاکھ 66 ہزار سے زائد افراد کورونا کا شکار جبکہ ایک لاکھ 35 ہزار افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں