’فنٹاسٹک بیٹس‘ میں جونی ڈیپ کے بجائے میڈس مکلسن شیطان بنیں گے

27 نومبر 2020
آنے والی فنٹیسی فلم میں جونی ڈیپ کی جگہ میڈس مکلسن شیطان بنیں گے—اسکرین شاٹ/ فائل فوٹو: انسٹاگرام
آنے والی فنٹیسی فلم میں جونی ڈیپ کی جگہ میڈس مکلسن شیطان بنیں گے—اسکرین شاٹ/ فائل فوٹو: انسٹاگرام

ہولی وڈ کی آنے والی فنٹیسی فلم ’فنٹاسٹک بیٹس‘ کی تیسری فلم میں 57 سالہ اداکار جونی ڈیپ کی جگہ ڈینش نژاد اداکار 54 سالہ میڈس مکلسن اب شیطان جادوگر کے کردار میں دکھائی دیں گے۔

یہ خبریں پہلے ہی تھیں کہ جونی ڈیپ کی جگہ ممکنہ طور میڈس مکلسن نئی فلم میں کاسٹ کیے جائیں گے اور اب فلم کی پروڈکشن کمپنی نے بھی اس کی تصدیق کردی۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ’ہیری پوٹر‘ سیریز کی اسپن آف فلم سیریز کی تیسری فلم ’فنٹاسٹک بیٹس‘ میں اب میڈس مکلسن شیطان جادوگر کا کردار ادا کریں گے۔

فلم کی پروڈکشن کمپنی وارنر برادرز نے 26 نومبر کو تصدیق کی کہ ڈینش نژاد اداکار آنے والی فلم ’فنٹاسٹک بیٹس‘ میں گیلرٹ گرنڈلوالڈ کا کردار ادا کریں گے جو کہ ایک شیطان جادوگر ہوتا ہے۔

’فنٹاسٹک بیٹس‘ معروف فنٹیسی فلم و ناول سیریز ’ہیری پوٹر‘ سیریز کی اسپن آف سیریز ہے۔

اسپن آف ایسی فلمیں ہوتی ہیں جن میں یہ سمجھانے اور بتانے کی کوشش کی جاتی ہے کہ دراصل کسی بھی المیے یا کردار کی کہانی کہاں سے شروع ہوئی تھی اور ’فنٹاسٹک بیٹس‘ کی فلموں میں دکھایا گیا ہے کہ دراصل ’ہیری پوٹرز‘ کے کرداروں کی کہانی کہاں سے شروع ہوئی تھی۔

’فنٹاسٹک بیٹس‘ سیریز کی 2 فلمیں ریلیز کی جا چکی ہیں اور اس کی پہلی فلم 2016 جب کہ دوسری فلم 2018 میں ریلیز کی گئی تھی، اب اس کی تیسری فلم آئندہ سال کے آخر تک ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔

سیریز کی پہلی دونوں فلموں میں جونی ڈیپ نے شیطان جادوگر گیلرٹ گرنڈلوالڈ کا کردار ادا کیا تھا اور انہیں تیسری فلم میں بھی کاسٹ کیا گیا تھا مگر لندن کی ہائی کورٹ میں ان کے خلاف سابق بیوی پر تشدد ثابت ہونے پر انہیں فلم سے الگ کیا گیا۔

جونی ڈیپ کے خلاف لندن ہائی کورٹ نے رواں ماہ 2 نومبر کو فیصلہ دیا تھا اور کہا تھا کہ شواہد سے معلوم ہوتا ہے کہ انہوں نے سابق بیوی اداکارہ امبر ہرڈ پر تشدد کیا تھا۔

جونی ڈیپ کے خلاف فیصلہ آنے کے بعد وارنر برادرز نے انہیں فلم سے الگ ہونے کی درخواست کی تھی، جس کے بعد اداکار نے 7 نومبر کو خود کو فلم سے الگ کرلیا تھا اور اب ان کی جگہ میڈس مکلسن کو کاسٹ کرنے کی تصدیق کردی گئی۔

تبصرے (0) بند ہیں