'گیم آف تھرونز' کے پری سیکوئل ’ہاؤس آف ڈریگن‘ کی پہلی جھلک

اپ ڈیٹ 04 دسمبر 2020
ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ پری سیکوئل کو کب ریلیز کیا جائے گا—فوٹو: گیم آف تھرونز ٹوئٹر
ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ پری سیکوئل کو کب ریلیز کیا جائے گا—فوٹو: گیم آف تھرونز ٹوئٹر

مئی 2019 میں اختتام کو پہنچنے والی شہرہ آفاق ٹی وی سیریز 'گیم آف تھرونز' کی پری سیکوئل سیریز ’ہاؤس آف ڈریگن‘ کی پہلی جھلک جاری کردی گئی۔

'گیم آف تھرونز' کی مجموعی طور پر 8 سیریز پیش کی گئی تھیں جن میں تقریبا 80 قسطیں پیش کی گئیں اور اس ڈرامے نے متعدد ایوارڈ جیتے اور دنیا بھر کے کروڑوں افراد کے دلوں پر راج کیا۔

اس شہرہ آفاق ڈراما سیریل کا آغاز 2011 میں ہوا تھا، اس کا دوسرا سیزن 2012، تیسرا 2013، چوتھا 2014، پانچواں 2015، چھٹا 2016، ساتواں 2017 اور آٹھواں 2019 میں جاری کیا گیا تھا۔

ڈرامے کے پہلے 6 سیزن ہر سال جون میں ریلیز کیے جاتے رہے تاہم ساتواں سیزن اگست 2017 اور آٹھواں سیزن 2 سال کے وقفے کے بعد مئی 2019 میں جاری کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: گیم آف تھرونز کی پری سیکوئل سیریز بنیں گی

ڈرامے کا آخری سیزن ہی طویل عرصے بعد جاری کیا گیا تھا اور آخری سیزن نے نئے ریکارڈز بھی بنائے تھے۔

'گیم آف تھرونز' کے اختتام کے بعد ہی اس کے پری سیکوئل بنانے کی تصدیق کی گئی تھی اور اب اس کی پہلی جھلک بھی جاری کردی گئی۔

'گیم آف تھرونز' کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر پری سیکوئل سیریز ’ہاؤس آف ڈریگن‘ کی 2 تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا گیا کہ ڈریگن جلد آنے والے ہیں۔

گیم آف تھرونز کو کامیاب ترین ڈراما سیریز مانا جاتا ہے—اسکرین شاٹ
گیم آف تھرونز کو کامیاب ترین ڈراما سیریز مانا جاتا ہے—اسکرین شاٹ

تاہم اس بات کی وضاحت نہیں کی گئی کہ ’ہاؤس آف ڈریگن‘ کو کب تک ریلیز کیا جائے گا لیکن خیال کیا جا رہا ہے کہ پری سیکوئل سیریز کو آئندہ سال کی پہلی سہ ماہی میں ریلیز کیا جائے گا۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ’ہاؤس آف ڈریگن‘ کے کتنے سیزن ہوں گے اور پہلے سیزن میں کتنی قسطیں شامل ہوں گی اور اس کی کاسٹ میں کون کون سے اداکار شامل ہیں۔

تاہم اطلاعات ہیں کہ ’ہاؤس آف ڈریگن‘ کے بھی کم از کم تین سیزن ہوں گے اور سیریز کے پہلے سیزن میں 10 قسطیں شامل ہوں گی۔

سیریز کو نشر کرنے والی اسٹریمنگ ویب سائٹ ایچ بی او نے پہلے ہی تصدیق کی تھی کہ پری سیکوئل کی کہانی بھی جارج آر آر ماٹن نے لکھی ہے اور اس سیریز کی کہانی ’گیم آف تھرونز‘ ڈرامے کی کہانی سے 300 سال قبل شروع ہوتی ہے۔

مزید پڑھیں: ’گیم آف تھرونز‘ کی پری سیکوئل سیریز’ہاؤس آف دی ڈریگن‘

پری سیکوئل سیریز کی کہانی جارج آر آر مارٹن کے ناول ’فائر اینڈ بلڈ‘ سے لی گئی ہے جو گیم آف تھرونز کے ناول ‘اے سانگ آف آئس اینڈ فائر’ کا پری سیکوئل ہے۔

خیال رہے کہ پری سیکوئل سیریز یا ’اسپن آف‘ سیریز میں ڈرامے یا فلم کی کہانی کا آغاز دکھایا جاتا ہے۔

پری سیکوئل میں شائقین کو دکھایا جاتا ہے کہ اب تک جو انہوں نے ڈراما یا فلم دیکھی وہ دراصل مکمل کہانی نہیں تھی بلکہ اس ڈرامے یا فلم کی اصل کہانی کا آغاز یہاں سے ہوا تھا۔

اور اب ڈرامے کی ٹیم شائقین کو گیم آف تھرونز کا اختتام دکھانے کے بعد اس ڈرامے کے کرداروں کے آغاز کی کہانی دکھائےگی اور بتائی گی کہ کس کردار کی کہانی کی شروعات کہاں سے اور کیوں ہوئی تھی۔

پری سیکوئل کی کہانی بھی جارج آر آر مارٹن نے لکھی ہے، جنہوں نے گیم آف تھرونز کی کہانی لکھی تھی——فائل فوٹو: ڈیڈ لائن
پری سیکوئل کی کہانی بھی جارج آر آر مارٹن نے لکھی ہے، جنہوں نے گیم آف تھرونز کی کہانی لکھی تھی——فائل فوٹو: ڈیڈ لائن

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں