مینار پاکستان پر پی ڈی ایم کی سیاسی لاشوں کا پوسٹ مارٹم ہو گا، فردوس عاشق اعوان

05 دسمبر 2020
وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے گفتگو میں پی ڈی ایم تحریک کو تنقید کا نشانہ بنایا— فائل فوٹو: ڈان نیوز
وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے گفتگو میں پی ڈی ایم تحریک کو تنقید کا نشانہ بنایا— فائل فوٹو: ڈان نیوز

وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مینار پاکستان پر پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) کی سیاسی لاشوں کا پوسٹ مارٹم ہو گا کیونکہ حکومت ان بازوؤں کے زور اور طاقت کو آزمانا چاہتی ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت پنجاب نے ذہنی و جسمانی معذوری کا شکار افراد کے خلاف پہلی مرتبہ ایسی جامع پالیسی منظور کی جو ان وی آئی پی افراد کے لیے معیاری تعلیم، صحت، سفر، رہائش، کھانے، ذریعہ معاش، تفریح اور بہتر نشوونما کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے جڑے نظام کی عکاسی کرتی ہے۔

مزید پڑھیں: 13 دسمبر سے قبل گرفتاریاں ہوئیں تو نتائج بہت گہرے ہوں گے، رانا ثنااللہ

ان کا کہنا تھا کہ یہ سہرا تبدیلی سرکار کے سر گیا کہ جن افراد کو ہم بوجھ سمجھتے تھے دراصل معاشرے میں ان افراد کے لیے مربوط کوششوں کا فقدان تھا، اس ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے حکومت پنجاب نے ریلیف پروگرام دیا جس سے اس صوبے میں ان بچوں کے لیے 33 کروڑ سے بسیں خریدی گئیں، ان میں سے 21 بسیں پچھلے سال جبکہ 33 بسیں اس سال محکمہ خصوصی تعلیم کے حوالے کیا گیا۔

انہوں نے خصوصی بچوں کے اسکولوں کو اپ گریڈ کرنے کا بھی اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اسکول کی حد تک ان بچوں کا اسکول کی حد تک بڑا موثر کردار ہوتا تھا کیونکہ ان کی ٹریننگ ہونے کے ساتھ ساتھ انہیں سپورٹ بھی حاصل تھی لیکن کالج کی سطح پر وہ سروسز رک جاتی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے پہلی مرتبہ انہیں کالج اور پھر یونیورسٹی کی سطح پر حکمت عملی بنا کر سرپرستی کی ہے اور اس کے تحت مظفرگڑھ، راولپنڈی، بکھر، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، شیخوپورہ، خانیوال اور لیہ میں 9 اسپیشل ایجوکیشن سینٹر بنائیں گئے ہیں۔

انہوں نے ساہیوال اور بہاولپور میں بچیوں کے لیے سیکنڈری اور سرگودھا اور ڈی جی خان میں ڈگری کالج قائم کیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ملتان جلسہ: پی ڈی ایم کارکنان 2 روز قبل ہی انتظامی رکاوٹیں توڑکر جلسہ گاہ میں داخل

ان کا کہنا تھا کہ اب جدید ٹیکنالوجی سے جڑا سلیبس متعارف کرایا جا رہا ہے اور فرانزک تعلیم سائنس کا موضوع ان بچوں کے لیے جدید سائنس کے ساتھ جوڑ کر متعارف کرایا گیا ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ایک طرف ان افراد کو قدرت کی طرف سے جسمانی و ذہنی معذوری دی گئی ہے، دوسری جانب سیاسی و ذہنی مریض اور اخلاقی معذور ہیں اور یہ پی ڈی ایم کا وہ ٹولہ ہے جو آج کل ذہنی اور اخلاقی معذوری کا شکار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ایسی معذوری ہے جو انسان کو ناصرف تنزلی بلکہ انسانیت کے لیے خطرہ پیدا کررہی ہے، اس معذوری کا شکار پی ڈی ایم کے ٹولے نے ان عوام سے بدلہ لیے کا فیصلہ کیا ہے جنہوں نے انہیں مسترد کردیا تھا، انہیں کورونا کے آگے دھکیل دیا ہے اور عوام کو اپنی خواہشات کا ایندھن بنا کے اس کورونا کی بھٹی میں جھونک کر اپنے مفادات کا تحفظ کرنا چاہتے ہیں۔

معاون خصوصی نے مزید کہا کہ سیاسی منظرنامے کو اپاہج کر کے عوام کو سیاسی غلام بنایا اور ہم سیاسی غلامی کا شکار ان معصوم عوام کو وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں اس سیاسی غلامی سے بھی نجات دلائیں گے اور سیاسی معذوری کا شکار ان ذہنی معذوروں کا بھی بہتر طریقے سے علاج کریں گے۔

مریم اورنگزیب کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان سے 13 دسمبر سے قبل استعفیٰ طلب کرنے کے سوال پر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ یہی ذہنی معذوری کی سب سے بڑی نشانی ہے۔

مزید پڑھیں: پی ڈی ایم کا ملتان جلسہ، اپوزیشن رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج

انہوں نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ آپ نے کہا کہ ملتان میں سرجری کی تو مینار پاکستان پر ان سیاسی لاشوں کا پوسٹ مارٹم ہو گا کیونکہ حکومت ان بازوؤں کا زور دیکھنا چاہتی ہے اور ان کی طاقت کو آزمانا چاہتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جو جسمانی لولے لنگڑے حکومت کو گیدڑ بھبکیوں کے ذریعے نیچا دکھانے میں مصروف عمل ہیں ان کو سمجھ یہ نہیں آ رہی کہ یہ حکومت دشمنی نہیں بلکہ آپ عوام دشمنی کر رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی نے مزید کہاکہ حکومت کو آپ کے اس پروگرام سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، اگر پڑے گا تو عوام کو پڑے اور آپ عوام کی صحت سے نہ کھیلیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں وفاقی حکومت سیاسی اسٹرکچر کو ہیڈ کرتی ہے لیکن انتظامی اختیارات اور ذمے داری وزیر اعلیی پنجاب کے پاس اور پنجاب کو جو آگے بڑھتے دیکھنا اور اس کی ترقی و خوشحالی کا علاج کرنے کے ساتھ ساتھ اس ترقی کی راہ میں رخنے ڈالنے والوں کا علاج معالجہ کرنا ہماری ذمے داریوں میں آتا ہے لہٰذا حالات، واقعات، صورتحال اور اپوزیشن کے درجہ حرارت کے مطابق انہیں دوائی دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: ملتان میں پی ڈی ایم کا پاور شو، گھنٹہ گھر چوک جلسہ گاہ میں تبدیل

ایک سوال کے جواب میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پی ڈی ایم کورونا ہے، یہ کورونا جہاں جہاں جائے گا، وائرس دیکھتا نہیں ہے کہ یہ راناثنااللہ کا حسین و جمیل چہرہ ہے یا کسی ذنی معذور کا وجود ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جو کرپشن کا کورونا پی ڈی ایم متعارف کرایا تھا، اس میں اور کووڈ-19 میں میچ چل رہا ہے اور یہ سیاسی محاذ میدان میں پی ڈی ایم کی شکل میں ملک پر مسلط کرپشن کا کورونا چاہ رہا ہے کہ کووڈ کورونا سے پنجہ آزمائی کرے، کرپشن کا کورونا کووڈ کے کورونا کے ہاتھوں چاروں شانے چت ہو گا، اس کی وجہ یہ ہے کہ کووڈ نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے لہٰذا ہم نہیں چاہتے کہ پاکستانی کرپشن کے کورونا کا علاج کووڈ-19 کرے، ہم چاہتے ہیں کہ ان کا علاج آئین، قانون اور عدالتیں کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں