وزیراعظم کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے سب کو 'اَن فالو' کردیا گیا

اپ ڈیٹ 08 دسمبر 2020
عمران خان کی جانب سے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے اچانک سب اکاؤنٹس کو ان فالو کرنے سے متعلق کوئی بیان سامنے نہیں آیا — فائل فوٹو: وزیراعظم انسٹاگرام
عمران خان کی جانب سے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے اچانک سب اکاؤنٹس کو ان فالو کرنے سے متعلق کوئی بیان سامنے نہیں آیا — فائل فوٹو: وزیراعظم انسٹاگرام

وزیراعظم عمران خان اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر فعال رہتے ہیں اور ان کا شمار سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سب سے زیادہ فالو کیے جانے والے پاکستانی سیاستدانوں میں ہوتا ہے۔

تاہم اب وزیراعظم عمران خان نے غیر معمولی طور پر اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے تمام افراد کو 'اَن فالو' کردیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان ٹوئٹر پر جن اکاؤنٹس کو فالو کرتے تھے، ان میں ان کی جماعت پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)، شوکت خانم ہسپتال کے اکاؤنٹس بھی شامل تھے اور اکثر افراد کا تعلق پی ٹی آئی سے تھا جنہیں حیران کن طور پر اَن فالو کردیا گیا۔

—فوٹو: اسکرین شاٹ
—فوٹو: اسکرین شاٹ

عمران خان کی جانب سے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے یوں سب کو ان فالو کرنے سے متعلق کوئی بیان سامنے نہیں آیا کہ یہ اقدام کسی وجہ سے اٹھایا گیا ہے یا سماجی رابطے کی ویب سائٹ کے اکاؤنٹ میں پیدا ہونے والی کسی تکنیکی خرابی کا نتیجہ ہے یا غلطی سے ایسا ہوگیا ہے۔

مزید پڑھیں: عمران خان دنیا بھر میں فیس بک پر فالو کیے جانے والے چوتھے سیاستدان

وزیراعظم کی جانب سے فالو کیے جانے والے افراد میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وفاقی وزیر شیریں مزاری، نعیم الحق، شوکت خانم، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر اسد عمر اور دیگر شامل تھے۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے ٹوئٹر فالوورز کی تعداد اس وقت ایک کروڑ 29 لاکھ سے زائد ہے۔

—فوٹو: اسکرین شاٹ
—فوٹو: اسکرین شاٹ

یاد رہے کہ رواں برس جولائی میں جاری کی گئی ایک تحقیق میں عمران خان کو ٹوئٹر پر سب سے زیادہ فالو کی جانے والی دنیا کی 9ویں سیاسی شخصیت قرار دیا گیا تھا اور ان کے آفیشل اکاؤنٹ کے فالوورز کی تعداد میں 22 فیصد اضافہ بھی دیکھنے میں آیا تھا۔

حیران کن طور پر سب کو ان فالو کرکے وزیراعظم عمران خان اب ان سیاستدان کی فہرست کا حصہ نہیں رہے جو دیگر اکاؤنٹس کو فالو کرتے ہیں۔

برسن کوہن اور وولف (بی سی ڈبلیو) نے کورونا وائرس کی عالمی وبا کے دوران عالمی رہنماؤں کی ٹوئٹس کی بنیاد پر ایک فہرست جاری کی تھی۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے مذکورہ ٹوئٹر اکاؤنٹ کے علاوہ عربی اور ترک زبانوں میں بھی ٹوئٹر اکاؤنٹس ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان نے ڈونلڈ ٹرمپ اور نریندر مودی کو پیچھے چھوڑ دیا

ترک زبان میں ان کا اکاؤنٹ 'ikturkish@' نومبر 2018میں بنایا گیا تھا، جس کے فالوورز کی تعداد 34 ہزار سے زائد ہے اور وہ 13 افراد کو فالو کر رہے ہیں۔

—فوٹو:اسکرین شاٹ/سوشل میڈیا
—فوٹو:اسکرین شاٹ/سوشل میڈیا

دوسری جانب وزیراعظم کے عربی زبان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ 'ArabicIk@' مئی 2020 میں بنایا گیا تھا جس کے فالوورز کی تعداد 15 ہزار سے زائد ہے اور وہ 3 اکاؤنٹس کو فالو کر رہے ہیں۔

وزیر اعظم کے ان دونوں اکاؤنٹس سے فی الحال کسی کو اَن فالو نہیں کیا گیا۔

—فوٹو:اسکرین شاٹ
—فوٹو:اسکرین شاٹ

تبصرے (0) بند ہیں