بھارت اقلیتوں کے حقوق پر تشویش ظاہر کرنے کے بجائے اپنا گھر درست کرے، دفتر خارجہ

اپ ڈیٹ 02 جنوری 2021
دفتر خارجہ کے ترجمان نے بھارت کو اپنا گھر درست کرنے کا مشورہ دیا— فائل فوٹو: ڈان نیوز
دفتر خارجہ کے ترجمان نے بھارت کو اپنا گھر درست کرنے کا مشورہ دیا— فائل فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان نے خیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں ہندو مندر کو نذر آتش کرنے کے بارے میں بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے ہفتہ کے روز کیے گئے 'غیر ضروری دعوؤں' کو مسترد کردیا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے ایک بیان میں کہا کہ 'یہ پہلا موقع نہیں ہے جب ہندوستانی حکومت نے اقلیتوں کے حقوق کے لیے کہیں تشویش ظاہر کرنے کی کوشش کی ہے، حالانکہ وہ خود اقلیتوں کے حقوق کی مستقل سب سے زیادہ خلاف ورزی کرتے رہے ہیں'۔

مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا: مشتعل ہجوم کی ہندو بزرگ کی سمادھی میں توڑ پھوڑ، نذرآتش کردیا

دفتر خارجہ کا یہ بیان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب اقلیتی برادری سے ایک ہی نوعیت کے واقعات رونما ہونے پر بھارت نے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن سے سنگین تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

خبر رساں ادارے 'دی وائر' کی رپورٹ کے مطابق بھارت نے واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ کو وزارت خارجہ کے ساتھ شیئر کرنے کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ وہ وہ توقع کرتے ہیں کہ حکومت پاکستان اپنی اقلیتی برادریوں کی حفاظت، سلامتی اور فلاح و بہبود کا خیال رکھے۔

اسی طرح کی ایک رپورٹ خبر اخبار 'دی ہندو' نے بھی شائع کی تھی۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ متنازع شہریت ترمیمی ایکٹ سے لے کر نیشنل رجسٹر آف سٹیزنز (این آر سی) تک، 2002 میں گجرات کے قتل عام سے لے کر دہلی میں فسادات تک، 1992 میں بابری مسجد کے قابل مذمت انہدام سے 2020 میں بھارتی عدالت سے تمام ملزموں کی بریت تک، مسلمانوں پر کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے الزامات عائد کرنے سے بین المذاہب شادی پر پابندی تک، گائے کی نگرانی اور ہجوم کے ہاتھوں قتل سے لے کر مغربی بنگال کے مسلمانوں کو 'دیمک' قرار دے کر خلیج بنگال میں پھینکنے کی دھمکی تک، کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل سے لے کر 'جعلی ڈومیسائل سرٹیفکیٹ' کی تقسیم کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی صریح کوششوں تک، آر ایس ایس-بی جے پی حکومت کا اقلیتوں خاص طور پر مسلمانوں کے حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے ریکارڈ مثالوں سے بھرا ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ہندو سمادھی کو نذرآتش کرنے کا معاملہ: چیف جسٹس کا نوٹس، 14 افراد گرفتار

انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے خلاف ریاستی سرپرستی میں ہونے والے امتیازی سلوک کو فروغ دینے والے ملک کی حیثیت سے بھارت کسی اور جگہ اقلیتوں کے حقوق کے بارے میں کوئی بات کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق کے مابین واضح فرق موجود ہے، اس حقیقت کی بنیاد یہ ہے کہ کرک واقعے کے ملزموں کو فوراً گرفتار کرلیا گیا، مندر کی بحالی کے احکامات جاری کیے گئے، عدلیہ نے فوری اعلیٰ سطح کا نوٹس لیا اور سینئر سیاسی قیادت نے واقعے کی مذمت کی۔

دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ بھارت میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے ساتھ ریاستی سرپرستی میں متعصب ظالمانہ رویہ اپنایا جارہا ہے، بھارتی قیادت نے ابھی تک فروری 2020 میں دہلی کے قتل عام کے مرتکب افراد کی مذمت نہیں کی، ان مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا تو دور کی بات ہے۔

مزید پڑھیں: کرک: ہندو بزرگ کی سمادھی میں توڑ پھوڑ، جے یو آئی (ف) رہنما سمیت 31 افراد گرفتار

دفتر خارجہ بھارتی دارالحکومت میں ہونے والے پرتشدد واقعے کا ذکر کر رہا تھا جس نے کم از کم 50 افراد کی جانیں لی تھیں۔

بیان میں کہا گیا کہ ان ناقابل تردید حقائق کے پیش نظر بھارتی حکومت کو یہ مشورہ دیتے ہیں وہ کہیں اور اقلیتوں کے حقوق کے لیے تشویش ظاہر کرنے کے بجائے اپنا گھر درست کرے۔

تبصرے (0) بند ہیں