ٹرمپ کے مواخذے کی تاریخی کارروائی پر امریکی شوبز شخصیات کا ردعمل

اپ ڈیٹ 15 جنوری 2021
ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کی تاریخ میں مواخذے کی 2 کارروائیوں کا سامنا کرنے والے پہلے صدر بن گئے— فائل فوٹو: اے ایف پی
ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کی تاریخ میں مواخذے کی 2 کارروائیوں کا سامنا کرنے والے پہلے صدر بن گئے— فائل فوٹو: اے ایف پی

امریکی ایوان نمائندگان نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کی کارروائی کی منظوری دے دی جس کے بعد وہ امریکا کی تاریخ میں مواخذے کی 2 کارروائیوں کا سامنا کرنے والے پہلے صدر بن گئے۔

14 جنوری کو ایوان نمائندگان میں مواخذے کی تحریک کی حمایت میں 232 ووٹ جبکہ مخالفت میں 197 ووٹ ڈالے گئے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کی 2 کارروائیاں ہوئیں اور حال ہی میں ہونے والی کارروائی میں ان کے خلاف حکومت پر حملہ کرنے کے لیے اکسانے کی کارروائی ہوئی۔

اس موقع پر ری پبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے 10 افراد نے اس قرارداد کے حق میں ووٹ دیا جبکہ دیگر 4 ری پبلکن اراکین اس عمل سے دور رہے۔

مزید پڑھیں: ٹرمپ کے حامیوں نے کیپیٹل ہل پر دھاوا بول دیا، 4 افراد ہلاک

مواخذے کی کارروائی کی منظوری کے بعد سزا سنانے کے لیے قرارداد سینیٹ کو ارسال کردی گئی۔

واضح رہے کہ 6 جنوری کو امریکا کے دارالحکومت واشنگٹن میں ایوان نمائندگان (کیپیٹل ہِل) پر ہونے والے حملے میں 2 پولیس اہلکاروں سمیت 6 افراد ہلاک بھی ہوئے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کی کارروائی پر امریکی شوبز شخصیات کی جانب سے ردعمل کا اظہار کیا گیا ہے۔

امریکی ماڈل کرسی تیگن نے کہا کہ میں نہیں جانتی تھی کہ آپ 2 مرتبہ مواخذے کا سامنا کریں گے، میرے خیال میں یہ مرنے جیسا ہے۔

امریکی گلوکار اسٹیو ونڈر نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ اس ملک کے رہنما 25ویں ترمیم کا استعمال کریں، آج کے دن نے مجھے اداس کردیا ہے کہ میرے ملک میں کیا ہورہا ہے۔

ادکار و لکھاری جون کرائر نے کہا کہ 'ان کا (ٹرمپ) مواخذہ کریں، برطرف کریں، گرفتار کریں اور ٹرائل کریں'۔

امریکی ریپر کارڈی بی نے کہا کہ انہیں کارروائی سے متعلق بتادیا گیا ہے۔

اداکارہ ایلسا میلانو نے کہا کہ ایوان نمائندگان نے دوسری مرتبہ ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کی کارروائی کی منظوری دے دی، ٹرمپ نے تاریخ رقم کہ وہ پہلے صدر ہیں جنہوں نے 2 مرتبہ مواخذے کا سامنا کیا۔

اداکارہ و پروڈیوسر ویویکا فوکس نے ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کو بہترین خبر قرار دیا۔

دوسری جانب ٹیکساس سے ڈیموکریٹک رکن جوآکوئن کاسٹرو نے ٹوئٹ کی کہ انہوں نے کیپیٹل ہل میں مہلک بغاوت پر اکسانے کی وجہ سے ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی حمایت کی۔

ڈیموکریٹک سینیٹر الزبتھ وارن نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے تاریخ رقم کی کیونکہ وہ واحد امریکی صدر ہیں جنہوں نے 2 مرتبہ مواخذے کا سامنا کیا۔

انہوں نے مزید لکھا کہ جمہوریت کی خاطر، آئیں سینیٹ کی جانب سے انہیں سزا دیے جانے والے پہلے صدر بناکر تاریخ رقم کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں