آرمی چیف سے سردیوں میں 'کے ٹو' سر کرنے والے نیپالی کوہ پیماؤں کی ملاقات

22 جنوری 2021

ای میل

کوہ پیماؤں نے آرمی چیف سے مہم کے دوران اپنے تجربات شیئر کیے — فوٹو: آئی ایس پی آر
کوہ پیماؤں نے آرمی چیف سے مہم کے دوران اپنے تجربات شیئر کیے — فوٹو: آئی ایس پی آر

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے تاریخ رقم کرتے ہوئے موسم سرما میں 'کے ٹو' سَر کرنے والے نیپالی کوہ پیماؤں نے ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کوہ پیماؤں کے گروپ نے آرمی چیف سے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ملاقات کی۔

آرمی چیف نے موسم سرما میں پہلی بار 'کے ٹو' سر کرنے والے کوہ پیماؤں کو ان کی شاندار کامیابی اور کوہ پیمائی میں تاریخ رقم کرنے پر مبارک باد دی۔

کوہ پیماؤں نے آرمی چیف سے مہم کے دوران اپنے تجربات شیئر کیے اور پاکستان اور اس کے عوام کی جانب سے بہترین مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں: نیپالی کوہ پیماؤں نے سردیوں میں 'کے ٹو' سَر کرکے تاریخ رقم کردی

وفد نے ریکارڈ قائم کرنے کے لیے مہم میں سہولت فرہم کرنے پر بھی اظہار تشکر کیا۔

یاد رہے کہ 16 جنوری کو نیپالی کوہ پیماؤں کی ٹیم نے دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی 'کے ٹو' کو موسم سرما میں سر کر کے نیا ریکارڈ قائم کردیا تھا۔

نیپالی کوہ پیماؤں کی 10 رکنی ٹیم نے 31 دسمبر 2020 سے اپنے مہم جوئی کا آغاز کیا تھا اور 16 جنوری 2021 کو دن کے وقت دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی سر کرنے کا اعلان کیا گیا۔

مزید پڑھیں: موسمِ سرما میں پہلی مرتبہ کے-ٹو سَر کرنے کی مہم کا آغاز

گلگت بلتستان حکومت نے پہلی بار موسم سرما میں 'کے ٹو' سر کرنے کا ریکارڈ قائم کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے نیپالی حکومت کی کاوشوں کو سرمائی مہم جوئی کے لیے حوصلہ مند قرار دیا۔