سینیٹ انتخابات میں تحریک انصاف کی پنجاب سے ایک سیٹ بڑھے گی، وزیر داخلہ

اپ ڈیٹ 23 جنوری 2021
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد لاہور میں پریس کانفرنس کر رہے تھے — فوٹو: ڈان نیوز
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد لاہور میں پریس کانفرنس کر رہے تھے — فوٹو: ڈان نیوز

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں کوئی عمران خان سے پیچھے نہیں ہٹ رہا اور پنجاب میں سیٹ کم ہونے کے بجائے ایک سیٹ بڑھے گی۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ عمران خان سے کوئی پیچھے نہیں ہٹ رہا، سینیٹ کے الیکشن میں تحریک انصاف کی ایک آدھی سیٹ بڑھے گی، یہ تو عمران خان کا بڑا پن ہے کہ وہ کہتا ہے کہ اوپن ووٹ ہو جائے۔

مزید پڑھیں: پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا براڈ شیٹ کے ساتھ معاہدے کی تحقیقات کا حکم

ان کا کہنا تھا کہ میری بات ریکارڈ کر لیں کہ جو لوگ یہ سوچے بیٹھے ہیں کہ عمران خان اس لیے جا رہا ہے سپریم کورٹ میں تاکہ ووٹ نہ کم ہوں تو پنجاب میں سیٹ کم ہونے کے بجائے ایک سیٹ بڑھے گی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اقوام متحدہ سمیت ہر عالمی فورم پر کشمیر کا مسئلہ اٹھایا ہے اور مودی کو ہٹلر اور مسولینی کے مترادف قرار دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ براڈ شیٹ پر جسٹس عظمت ان کو قبول نہیں ہے تو بتائیں کون قبول ہے، جسٹس افتخار قبول ہے، جسٹس قیوم قبول ہے، جسٹس عظمت سعید ایک غیر معمولی جج ہیں جن کا بہترین ریکارڈ ہے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ اس کیس کا بڑے پیمانے پر فیصلہ ہونا ہے، ابھی اس کیس میں سے چیزیں نکلنی ہیں، 45 دن سے تین مہینے میں اس کے حقائق سامنے آئیں گے، آخر میں فیصلہ ہوگا کہ اس کیس نے کیا رخ اختیار کرنا ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی 85 سے 100 ملین ڈالر کی نئی جائیدادیں سامنے آنے والی ہیں اور اگر کسی نے جرم کیا ہے تو اس کا تعلق چاہے کسی بھی طرف سے کیوں نہ ہو، اس کو پھکی ملنی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: براڈ شیٹ اسکینڈل پر بنائی گئی کمیٹی انکشافات کرے گی، شبلی فراز

انہوں نے مزید کہا کہ فضل الرحمٰن ویسے ہی ان کے پیچھے لگے ہوئے ہیں، وہ خراب ہوں گے، میں سمجھتا ہوں کہ فضل الرحمٰن نے اسرائیل، کشمیر، ختم نبوت ﷺ کے نام پر اس قوم کا بڑا وقت ضائع کیا ہے، اس ملک میں کسی کی جرات ہے کہ وہ ان چیزوں کے خلاف ہو سکے۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ جب دینی طاقتوں نے رائفل اٹھائی ہوئی تھی تو مولانا فضل الرحمٰن، پرویز مشرف سے ملا کرتے تھے اور ان کے ساتھ تھے، میں ان اجلاسوں میں موجود ہوتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ آئین اور قانون کے دائرے میں ہوا تو ہم بھی ان کے لیے کوئی مسئلہ پیدا نہیں کریں گے، جس طرح سے وہ الیکشن کمیشن پر آئے ہیں اگر اس طرح آئیں گے تو کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

مزید پڑھیں: براڈشیٹ کمیشن: جسٹس (ر) عظمت سعید کی سربراہی پر اپوزیشن کا اعتراض

ایک اور سوال کے جواب میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ بلاول بھٹو بالغ ہو گئے ہیں، انہوں نے ٹھیک کہا ہے کہ ان جلسوں سے کوئی نتیجہ نہیں نکلا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کا کیس سنجیدہ نوعیت کا ہے اور اس میں شہادتوں پر منحصر ہے کہ کیس کا کیا نتیجہ کیا نکلے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں