چین کا پاکستان کی مسلح افواج کیلئے کورونا ویکسین کا عطیہ

اپ ڈیٹ 08 فروری 2021
تقریب میں دونوں ممالک کی فوجی شصیات موجود تھیں—تصویر: بشکریہ ریڈیو پاکستان
تقریب میں دونوں ممالک کی فوجی شصیات موجود تھیں—تصویر: بشکریہ ریڈیو پاکستان

چین کی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) نے پاکستان کی مسلح افواج کے لیے کووڈ 19 کی ویکسین کا عطیہ کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستانی فوج پہلی غیر ملکی فوج ہے جسے پی ایل اے کی طرف سے ویکسین کی امداد وصول ہوئی ہے تاہم یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ پی ایل اے کی جانب سے پاک فوج کو دی گئی ویکسین کی مکمل امداد قومی ویکسین مہم میں دی جائے گی تاکہ ملک بھر میں فرنٹ لائن ورکرز جو وبا کے خلاف لڑنے اور قیمتی جانوں کو بچانے میں اصل ہیرو ہیں انہیں یہ فراہم کی جاسکے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج اس چیلنجنگ وقت میں اس بڑے عطیہ پر پی ایل اے اور چین کے تہہ دل سے شکرگزار ہیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان بھر میں کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کے عمل کا آغاز

دوسری جانب سرکاری ٹی وی پی ٹی وی کے مطابق پاک فضائیہ کا الیوشن 78 طیارہ پاکستان کے لیے ویکسین لایا ہے جبکہ ویکسین عطیہ کرنے کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب میں پاکستان میں چین کے دفاعی اتاشی اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

ادھر نجی ٹی وی سے گفتگو میں پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ اس پوری مہم کے اصل ہیروز ڈاکٹرز، پیرامیڈیکس اور ہیلتھ کیئر ورکرز ہیں، جنہوں نے فرنٹ لائن پر اس کا مقابلہ کیا اور اپنے بے پناہ ایثار اور قربانی سے قوم کی مدد کی۔

انہوں نے کہا کہ بحیثیت ترجمان پاک فوج، چین کی پیپلز لبریشن آرمی کی طرف سے ویکسین کے عطیہ پر شکر گزار ہوں اور فوجی قیادت نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ ہماری قوم کے فرنٹ لائن ورکرز اس کے زیادہ مستحق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لہٰذا ہم نے یہ تمام عطیہ حکومت کی قومی مہم میں شامل کروادیا ہے تاکہ سب سے پہلے پاکستانی قوم کے فرنٹ لائن ورکرز کو یہ مہیا کی جائے۔

دوسری جانب این سی او سی کے سربراہ اور وفاقی وزیر اسد عمر نے فوجی قیادت کے فیصلے پر ایک ٹوئٹ میں کہا کہ چین کی پی ایل اے کی طرف سے پاکستان فوج کو بھیجی گئی ویکسین کو حوالے کرنے کا زبردست فیصلہ ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کو ایک سال کا عرصہ مکمل ہونے کو ہے تاہم رواں ماہ سے ملک بھر میں کورونا وائرس کی ویکسینیشن کا آغاز ہوچکا ہے۔

اس ویکسینیشن مہم کے دوران سب سے پہلے ملک کے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جارہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کورونا وائرس سے اموات 12 ہزار سے متجاوز، فعال کیسز 32 ہزار سے کم

یہاں یہ بھی واضح رہے کہ ملک بھر میں ویکسینیشن مہم کا آغاز چین کی جانب سے 5 لاکھ کورونا ویکسین عطیہ کیے جانے کے بعد ہوا تھا۔

چین کی جانب سے ویکسین کی پہلی کھیپ یکم فروری کو پاکستان پہنچی تھی جہاں وزیر خارجہ نے اسے وصول کیا تھا اور چین کا شکریہ ادا کیا تھا۔

علاوہ ازیں ملک میں اگر کورونا وائرس کی بات کریں تو اس وقت مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 55 ہزار 511 ہے جس میں سے 5 لاکھ 11 ہزار 502 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 12 ہزار 26 ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں