برطانیہ کے کوویکس منصوبے سے پاکستان کے ویکسین پرگرام میں مدد ملے گی

14 فروری 2021
پاکستان کو چین کی جانب سے پانچ لاکھ خوراکیں موصول ہوئی ہیں-فوٹو: رائٹرز
پاکستان کو چین کی جانب سے پانچ لاکھ خوراکیں موصول ہوئی ہیں-فوٹو: رائٹرز

برطانیہ کے سفیر نے کہا ہے کہ پاکستان کو ویکسینیشن کے پروگرام میں برطانیہ کے عالمی سطح پر ویکسین کی سہولت کے منصوبے کوویکس سے مدد ملے گی۔

برطانیہ کے سفارت خانے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی سطح پر کووڈ-19 کی ویکیسن فراہم کرنے کے لیے برطانیہ کے منصوبے کوویکس سے پاکستان میں لاکھوں افراد مستفید ہوں گے اور انہیں کورونا سے تحفظ میں مدد ملے گی۔

بیان کے مطابق برطانیہ نے دنیا بھر میں اب تک 54 کروڑ 80 لاکھ پاؤنڈ منصوبے کا عزم کیا ہے اور برطانیہ دنیا میں عطیہ کرنے والا دنیا کا بڑا ملک بن گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کوویکس کے ذریعے 180 سے زائد ممالک کو بلا تفریق ویکسین کی سہولت دی جائے گی اور برطانیہ نے دیگر ممالک کو اس منصوبے میں ایک ارب ڈالر کی معاونت پر بھی زور دیا ہے۔

بیان کے مطابق پاکستان کو کوویکس کے تحت آکسفورڈ یونیورسٹی-ایسٹرازینیکا کی تیار کردہ ویکیسین کیایک کروڑ 70 لاکھ خوراکیں ملیں گے اور متوقع طور پر ابتدائی 70 لاکھ خوراکیں اپریل سے قبل دستیاب ہوں گی جس کے بعد اگلی کھیپ جون سے پہلے مل جائے گی۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا سے 12 ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں اور برطانیہ کے اس تعاون سے 85 لاکھ لوگوں کو کورونا سے تحفظ مل جائے گا۔

کووڈ-19 ویکسینز گلوبل ایکسس فیسلیٹی (کوویکس) پاکستان میں رواں برس مجموعی طور پر چار کروڑ 50 لاکھ افراد کو ویکسین فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

کوویکس دنیا بھر میں رواں برس ارب افراد کو ویکسین فراہم کرنے کا ایک وسیع منصوبہ ہے، جس میں دیگر ممالک کو بھی تعاون کرنے کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے۔

پاکستان میں تعینات برطانوی سفیر ڈاکٹر کرسٹیان ٹرنر کا کہنا تھا کہ 'برطانیہ اور پاکستان کے عوام کووڈ-19 کے خلاف جنگ میں ساتھ ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'کوویکس منصوبہ دنیا کو متحد کرنے کا واحد راستہ ہے تاکہ تمام ممالک کو ویکسین کی فراہمی یقینی بنائی جائے کیونکہ پاکستان سمیت تمام ممالک کو جلد از جلد اس کی ضرورت ہے'۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ کوویکس می حصہ ڈالنے والا دنیا سب سے بڑا ملک ہے اور کوویکس رواں برس پاکستان میں چار کروڑ 50 لاکھ افراد کو ویکسین فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

برطانوی سفیر نے اپنے بیان میں کہا کہ وبا کے اس موقع پر برطانیہ پاکستان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہے اور دو کروڑ پاؤنڈکا تعاون کیا ہے، جس میں عالمی اداری صحت کی مدد سے پاکستان میں ٹیسٹ کے لیے لیبارٹریز کے قیام اور معاملات شامل تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں