اعلیٰ کارکردگی پر محمد رضوان، فواد عالم کی سینٹرل کنٹریکٹ میں ترقی

اپ ڈیٹ 25 فروری 2021
محمد رضوان اور فواد عالم نے ٹیسٹ سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا —فائل/فوٹو: اے ایف پی
محمد رضوان اور فواد عالم نے ٹیسٹ سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا —فائل/فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے رواں سیزن میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر محمد رضوان اور فواد عالم کو سینٹرل کنٹریکٹ برائے 21-2020 میں ترقی دے دی۔

پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق 28 سالہ محمد رضوان کو سینٹرال کنٹریکٹ کی بی کٹیگری سے ترقی دے کر اے کٹیگری کا حصہ بنایا گیا ہے جہاں ان کے علاوہ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم، اظہر علی اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: محمد رضوان تمام طرز کرکٹ میں سنچری بنانے والے دوسرے پاکستانی بلے باز

بیان میں کہا گیا کہ محمد رضوان رواں سیزن میں ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز ہیں اور اب تک انہوں نے 7 ٹیسٹ میچوں میں 52.90 کی اوسط سے 529 رنز بنائے ہیں۔

محمد رضوان کا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تیسرا نمبر ہے، ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں وہ 65 کی اوسط سے 325 رنز بناچکے ہیں، تاہم زمبابوے کے خلاف تین ون ڈے میچوں میں صرف 25 رنز بنائے۔

پی سی بی کا کہنا تھا کہ محمد رضوان نے اس دوران ٹیسٹ کرکٹ میں وکٹوں کے پیچھے 16، ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 8 اور ون ڈے میں 3 شکار کیے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو نوازنے کی پالیسی کے تحت پی سی بی نے فواد عالم کو ڈومیسٹک کرکٹ کی اے پلس کٹیگری سے سینٹرل کنٹریکٹ کی سی کٹیگری میں ترقی دے دی ہے، جبکہ ٹی ٹوئنٹی اسپشلسٹ محمد حفیظ کو بھی سینٹرل کنٹریکٹ کی سی کٹیگری کی پیش کش کی تھی مگر انہوں نے اسے قبول کرنے سے معذرت کرلی۔

محمد حفیظ نے نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے خلاف حالیہ دو ٹیسٹ سیریز میں دو سنچریاں بنائی، انہوں نے 6 ٹیسٹ میچوں کی 11 اننگز میں 2 سنچریاں بنائیں۔

پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا تھا کہ سینٹر ل کنٹریکٹ میں ترقی پانے پر محمد رضوان اور فواد عالم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، یہ دونوں کھلاڑیوں کی بائیو سیکیور ماحول کے مشکل حالات کے باوجود انتھک محنت اور اعلیٰ کارکردگی کاصلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو ترقی دینے کا یہ فیصلہ سلیکشن کمیٹی کے سربراہ محمد وسیم سے ملاقات میں کیا گیا جہاں ہم نے کھلاڑیوں کی رواں سیزن میں کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا اور فیصلہ کیا گیا کہ رواں سیزن میں اب تک تین کھلاڑیوں نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، لہٰذا سینٹرل کنٹریکٹ کی نئی فہرست کا انتظار کرنے کے بجائے ان کھلاڑیوں کو ترقی دی جائے لیکن محمد حفیظ نے اس پیشکش کو مسترد کردیا، جس پر مایوسی ضرور ہوئی ہے مگر ہم ان کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: فواد عالم نے ایک ہی اننگز میں کئی ریکارڈز اپنے نام کر لیے

وسیم خان نے کہا کہ محمد حفیظ اگلے سیزن کے سینٹرل کنٹریکٹ کا انتظار کرنا چاہتے ہیں جس کا انہیں مکمل اختیار ہے، وہ رواں سیزن میں ہمارے اسٹار کھلاڑی ہیں اور امید ہے کہ وہ دورہ جنوبی افریقہ میں بھی اپنی فارم کا تسلسل برقرار رکھیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ رواں سیزن میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر کھلاڑیوں کو دوران سیزن ترقی ملنے سے دیگر تمام کھلاڑیوں کو ایک واضح پیغام ملے گا کہ پی سی بی اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو نہ صرف سراہتا ہے بلکہ وہ انہیں اعزاز سے بھی نوازتا ہے۔

پی سی بی کی سینٹرل کنٹریکٹ کی تازہ ترین فہرست

کٹیگری اے: اظہر علی، بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی

کٹیگری بی: عابد علی، اسد شفیق، حارث سہیل، محمد عباس، سرفراز احمد، شاداب خان، شان مسعود اور یاسر شاہ

کٹیگری سی: فخر زمان، فواد عالم، افتخار احمد، عماد وسیم، امام الحق، نسیم شاہ اور عثمان شنواری

ایمرجنگ پلیئرز کیٹیگری: حیدر علی، حارث رؤف اور محمد حسنین

تبصرے (0) بند ہیں