کنگنا رناوت کے وارنٹ گرفتاری جاری

اپ ڈیٹ 01 مارچ 2021
جاوید اختر نے کنگنا رناوت کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائرہ کیا تھا—  فائل فوٹو:انسٹاگرام
جاوید اختر نے کنگنا رناوت کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائرہ کیا تھا— فائل فوٹو:انسٹاگرام

ممبئی کی عدالت نے بھارت کے معروف شاعر جاوید اختر کی شکایت پر اداکارہ کنگنا رناوت کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتارری جاری کردیے۔

جاوید اختر نے کنگنا رناوت کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائرہ کیا تھا، جس کے بعد ممبئی کی عدالت نے اداکارہ اس سلسلے میں طلب کیا تھا تاہم اداکارہ عدلت میں پیش نہیں ہوئ۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق اندھیری میٹروپولٹن مجسٹریٹ کی عدالت نے یکم فروری کو جاری سمن میں کنگنا رناوت کو یکم مارچ کو عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی تھی۔

مزید پڑھیں: جاوید اختر نے ریتیک روشن سے معافی مانگنے پر مجبور کیا، کنگنا رناوٹ

تاہم اداکارہ عدالت میں پیش نہیں ہوئیں جس کے بعد مجسٹریٹ آر آر خان نے کنگنا رناوت کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سماعت 26 مارچ تک ملتوی کردی۔

کنگنا رناوت کے وکیل، ایڈووکیٹ رضوان صدیقی نے عدالت میں کہا کہ کنگنا کے خلاف طلبی کا سمن اور قانونی کارروائی، قانونی طریقہ کار پر عمل کیے گئے بغیر کی گئی۔

—  فائل فوٹوز:انسٹاگرام
— فائل فوٹوز:انسٹاگرام

رضوان صدیقی نے کہا کہ مجسٹریٹ کے جاری کردہ وارنٹ کو بومبے ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے

دوسری جانب جاوید اختر کے وکیل وریند گروور نے عدالت میں کہا کہ وارنٹ کو چیلنج بھی کر لیا جائے تب بھی اداکارہ کو ہدایت کے مطابق عدالت میں پیش ہونا پڑے گا۔

وریند گروور نے کہا کہ 'یہ ملزم کا حق ہے کہ وہ حکم کے خلاف اپیل دائر کرے یا کارروائی کو چیلنج کرے، جس سے کوئی انکار نہیں کرسکتا یا روک نہیں سکتا یہاں تک کہ یہ عدالت بھی نہیں'۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'تاہم کنگنا رناوت حکم کی تعمیل کرنے میں ناکام ہوئی ہیں اور عدالت عالیہ سے کوئی حکم امتناع بھی حاصل نہیں کیا گیا'۔

یہ بھی پڑھیں: ریتک و کنگنا کی ایک دوسرے کو نازیبا مواد بھیجنے کی تفتیش ہوگی

بعدازاں وریندر گروو نے کنگنا رناوت کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی درخواست دائر کی تھی جس کی رضوان صدیقی نے مخالفت کی تھی۔

میجسٹریٹ آر آر خان نے سماعت کے دوران کہا کہ کنگنا رناوت کو کوئی بھی آرڈر کسی اعلیٰ عدالت میں چیلنج کرنے کی آزادی ہے لیکن یہ حق انہیں عدالت میں پیش ہونے سے استثنیٰ نہیں دیتا۔

جاوید اختر نے گزشتہ برس نومبر میں کنگنا رناوت کے خلاف شکایت درج کرائی تھی کہ ان کے مبینہ بے بنیاد بیانات کی وجہ سے جاوید کی ساکھ کو نقصان پہنچا۔

انہوں نے اپنی شکایت میں دعویٰ کیا تھا کہ اداکارہ نے ایک انٹرویو کے دوران ان کے خلاف نامناسب باتیں کیں، اس ’ٹولے‘ کا حوالہ بھی دیا تھا جو جاوید اختر کے مطابق اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد انہیں اس معاملے میں گھسیٹنے کی کوشش کر رہا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں