غریب عوام پر مہنگائی کا بوجھ کم کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں، وزیر اعظم

08 مارچ 2021
وزیر اعظم نے کہا کہ حکومتی سبسڈی کا شفاف اور موثر استعمال موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے — فائل فوٹو / ڈان نیوز
وزیر اعظم نے کہا کہ حکومتی سبسڈی کا شفاف اور موثر استعمال موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے — فائل فوٹو / ڈان نیوز

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کو ملکی معاشی حالات کے باعث غریب افراد پر پڑنے والے بوجھ کا مکمل احساس ہے، عوام پر مہنگائی کا بوجھ کم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔

وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت معاشرے کے مستحق اور غریب افراد کو غذا اور دیگر اشیائے ضروریہ کی خریداری میں حکومت کی جانب سے براہ راست سبسڈی کی فراہمی کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے وزیر اعظم کو مجوزہ 'احساس فوڈ اسٹیمپ' پروگرام پر تفصیلی بریفنگ دی۔

یہ بھی پڑھیں: مہنگائی حکومت سنبھالنے کے وقت کی شرح سے نیچے آگئی، وزیراعظم

اس پروگرام کے تحت مستحق افراد کو اشیائے ضروریہ کی خریداری میں حکومت کی جانب سے براہ راست سبسڈی فراہم کی جائے گی، براہ راست سبسڈی کی فراہمی سے مستحقین تک حکومتی امداد براہ راست، شفاف طریقے اور فوری طور پر میسر آئے گی۔

پروگرام کا مقصد بالواسطہ سبسڈی کے نظام سے براہ راست مالی معاونت کا طریقہ کار اپنانا ہے۔

عمران خان کو پروگرام سے استفادہ کرنے والے خاندانوں اور افراد کے اعداد و شمار اور ابتدائی تخمینے پیش کیے گئے۔

وزیر اعظم نے مجوزہ پروگرام کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت کو ملکی معاشی حالات کے باعث غریب افراد پر پڑنے والے بوجھ کا مکمل احساس ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری ہر ممکن کوشش ہے کہ غریب عوام پر مہنگائی کا بوجھ کم کیا جائے، غریب عوام کو ریلیف پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے، ہمیں اپنی ذمہ داری کا مکمل احساس ہے اور ہم اس کو پورا کرنے کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومتی سبسڈی کا شفاف اور موثر استعمال موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

مزید پڑھیں: مہنگائی کی وجوہات مختلف ہیں، بعض پر ہمارا کنٹرول نہیں، شبلی فراز

وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ مجوزہ نظام کے حوالے سے طریقہ کار اور اعداد و شمار کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے، تاکہ اس پروگرام کا جلد از جلد اجرا کیا جا سکے۔

واضح رہے کہ مہنگائی بالخصوص کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے باعث پی ٹی آئی کی حکومت کو عوام کی شدید تنقید کا سامنا ہے۔

اپوزیشن کی جانب سے بھی حکومت کو دیگر معاملات کے ساتھ مہنگائی کے معاملے پر بھی مسلسل آڑے ہاتھوں لیا جارہا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں