سجل اور احد کی ویب سیریز 'دھوپ کی دیوار' کی پہلی جھلک

ہدایت کار حسیب حسن نے اس ویب سیریز کی جھلک احد  اور سجل کی شادی کی سالگرہ کے موقع پر شیئر کی—اسکرین شاٹ
ہدایت کار حسیب حسن نے اس ویب سیریز کی جھلک احد اور سجل کی شادی کی سالگرہ کے موقع پر شیئر کی—اسکرین شاٹ

ٹی وی اسکرین اور حقیقی زندگی کی مقبول ترین شوبز جوڑی کا اعزاز رکھنے والے احد رضا میر جلد مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور وہاں 2019 میں ہونے والے پلوامہ حملے کے تناظر میں بنائی جانے والی ایک ویب سیریز 'دھوپ کی دیوار' میں دکھائی دیں گے۔

’دھوپ کی دیوار‘ کی کہانی معروف ڈراما اور ناول عمیرہ احمد نے تحریر کی ہے جبکہ اس کی ہدایات حسیب حسن دے رہے ہیں۔

حال ہی میں فلم ساز حسیب حسن نے فیس بک کی فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر 'دھوپ کی دیوار ' میں احد رضا میر اور سجل علی کی پہلی جھلک شیئر کی ہے۔

مزید پڑھیں: پلوامہ حملے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر ’دھوپ کی دیوار‘

حسیب حسن نے اس ویب سیریز کی جھلک احد اور سجل کی شادی کی سالگرہ کے موقع پر شیئر کی۔

انہوں نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ 'اس موقع پر میں دھوپ کی دیوار سے ویشال اور سارہ کا پسندیدہ لمحہ شیئر کررہا ہوں'۔

حسیب حسن نے لکھا کہ 'ہمیشہ ایک دوسرے کی مسکراہٹ کا سبب بنیں، شادی کی سالگرہ مبارک احد رضا میر اور سجل علی'۔

یہاں یہ بات مدنظر رہے کہ ویب سیریز کی یہ جھلک ہدایت کار حسیب حسن نے شیئر کی ہے لیکن ابھی تک 'دھوپ کی دیوار' کا آفیشل ٹیزر یا ٹریلر تاحال ریلیز نہیں ہوا۔

ویڈیو میں احد رضا میر کو فون پر گنگناتے ہوئے سجل علی کو ہنسانے کی کوشش کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے وہ کہہ رہے ہیں 'سارہ پاگل مت بنو، ورنہ پاکستان اور بھارت بہت اداس ہوجائیں گے۔۔۔سارہ۔۔۔سارہ'۔

ان سے قبل ویب سیریز کی پروڈیوسر شیلجا کیجریوال نے شوٹنگ کے دوران دونوں اداکاروں کی تصاویر شیئر کی تھیں۔

. —اسکرین شاٹ

'دھوپ کی دیوار' میں منظر صہبائی، سامیہ ممتاز، علی خان، عدنان جعفر، ثمینہ احمد اور زیب رحمٰن بھی دکھائی دیں گے اور یہ فلم بھارتی ویب چینل زی فائیو پر ریلیز ہوگی۔

حقیقی واقعات سے متاثر ہوکر بنائی گئی ویب سیریز کی کہانی پاکستان اور بھارت کے 2 خاندانوں کے گرد گھومتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سجل علی اور احد رضا میر کی رومانوی کہانی ’یہ دل میرا‘

ویب سیریز میں دراصل مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی خلاف ورزیوں پر شہید ہونے والے اہلکاروں کے خاندان کے درد کو سامنے لانے کی ایک کوشش ہے۔

قبل ازیں ویب سیریز کے حوالے سے ہدایت کار حسیب حسن نے ڈان امیجز کو بتایا تھا کہ سجل علی ایک پاکستانی فوجی کرنل کی نوعمر بیٹی کا کردار ادا کریں گی اور ان کے والد کا کردار عدنان جعفر ادا کرتے دکھائی دیں گے۔

ویب سیریز میں سویرا ندیم ان کی والدہ جبکہ منظر صہبائی دادا اور ثمینہ احمد دادی کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

ط
ط

حسیب حسن کے مطابق سامیا ممتاز ویب سیریز میں احد رضا میر کی والدہ اور زیب رحمٰنی ان کی دادی کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

زارا ترین اور پارس مسرور جیسی اداکارائیں ’دھوپ کی دیوار‘ میں بھارتی افراد کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

اس ویب سیریز کی ریلیز کی تاریخ ابھی تک سامنے نہیں آئی، امکان ہے کہ دھوپ کی دیوار کو رواں برس ریلیز کیا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں