گندم کی امدادی قیمت ایک ہزار 800 روپے فی من مقرر

اپ ڈیٹ 20 مارچ 2021
انہوں نے بتایا کہ حکومت نے آئندہ ایک سال میں 30 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کا فیصلہ کیا---فائل فوٹو: اے ایف پی
انہوں نے بتایا کہ حکومت نے آئندہ ایک سال میں 30 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کا فیصلہ کیا---فائل فوٹو: اے ایف پی

اسلام آباد: آئندہ ہفتوں میں گندم کی کٹائی کا آغاز ہونے والا ہے جبکہ وفاقی حکومت نے گندم کی کم سے کم امدادی قیمت ایک ہزار 800 روپے فی 40 کلو مقرر کردی۔

ڈان کی رپورٹ کے مطابق حکومت نے صارفین کو ریلیف کی فراہمی کے لیے گندم کے آٹے کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مزیدپڑھیں: گندم کی قیمت میں اضافے کے بعد خوردہ فروشوں نے آٹے کی قیمت بڑھادی

گندم کی پیداوار سے متعلق منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تحفظ خوراک اور تحقیق سید فخر امام نے کہا کہ گندم کی کم سے کم امدادی قیمت ایک ہزار 650 روپے سے بڑھا کر ایک ہزار 800 روپے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

---فوٹو: محکمہ خوراک
---فوٹو: محکمہ خوراک

انہوں نے بتایا کہ حکومت نے آئندہ ایک سال میں 30 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ اجناس کی کوئی قلت نہ ہو۔

فخر امام نے کہا کہ ہم نے درآمد کے تخمینے کو حتمی شکل دے دی ہے اور مربوط طریقے سے صورتحال کو سنبھال رہے ہیں تاکہ صارفین کو کسی بھی وقت گندم کی قلت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

مزیدپڑھیں: سندھ میں گندم کی امدادی قیمت 2 ہزار روپے فی من مقرر کرنے کا فیصلہ

وزیر تحفظ خوراک نے کہا کہ رواں برس گندم کی پیداوار 2 کروڑ 62 لاکھ ٹن متوقع ہے جبکہ گزشتہ برس کی پیداوار 2 کروڑ 52 لاکھ ٹن تھی۔

انہوں نے کہا کہ فصلوں کے تخمینے سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ پنجاب میں ایک کروڑ 90 لاکھ 80 ہزار ٹن، سندھ میں 40 لاکھ ٹن، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی مشترکہ پیداوار 92 لاکھ ٹن کا اضافہ ہوگا۔

پریس کانفرنس میں موجود پنجاب کے وزیر خوراک علیم خان نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ وہ صوبے کے کسانوں کے ساتھ کیے گئے اپنے وعدے پورے کرے اور 2 ہزار روپے فی من گندم کی خریداری کرے۔

انہوں نے وفاقی حکومت کے کم سے کم امدادی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسانوں کے لیے یہ ایک بہت بڑی مراعات ہے جو معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔

علیم خان نے کہا کہ صوبائی حکومتیں رعایتی نرخوں پر گندم فلور ملز کو فراہمی جاری رکھے گی۔

مزیدپڑھیں: گندم کی امدادی قیمت ایک ہزار 650 روپے فی من مقرر

انہوں نے مزید کہا کہ گندم کی ترسیل عام طور پر ایک ماہ کے لیے معطل کردی جاتی ہے جب خریداری تیز ہوتی ہے اس کے علاوہ فلور ملز کو بھی اس کی فراہمی جاری رہے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس گندم کا ایک دانہ اسمگل نہیں ہوا تھا اور سارا ذخیرہ استعمال کیا گیا۔

وزیر خوراک علیم خان نے کاشتکاروں سے کہا کہ وہ اپنی گندم کی فصل کو نامزد مراکز میں لائیں جہاں سے انہیں نقد رقم ادا کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ مڈل مین کی حمایت حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں