مارچ میں ایف بی آر ٹیکس وصولی ہدف سے تجاوز کرگئی

اپ ڈیٹ 01 اپريل 2021
460 ارب کی وصولیوں کیساتھ 41 فیصد کی تاریخی نمو حاصل کرنے پر میں ایف بی آر کی کاوشیں کو سراہتا ہوں، وزیر اعظم - فائل فوٹو: رائٹرز
460 ارب کی وصولیوں کیساتھ 41 فیصد کی تاریخی نمو حاصل کرنے پر میں ایف بی آر کی کاوشیں کو سراہتا ہوں، وزیر اعظم - فائل فوٹو: رائٹرز

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے مارچ 2021 میں اپنے ٹیکس وصولی کے ہدف سے 36 ارب روپے تجاوز کر کے 475 ارب روپے تک حاصل کیے جو رواں مالی سال (مالی سال2021) میں سب سے زیادہ ماہانہ وصولی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق مارچ کے مہینے کے لیے وصولی کا ہدف 439 ارب روپے مقرر تھا جو 8.2 فیصد اضافے کے ساتھ 475 ارب روپے رہا جبکہ مارچ 2020 میں 326 روپے کا ریونیو اکٹھا کیا گیا تھا جس سے مقابلہ کیا جائے تو 46 فیصد اضافہ ظاہر ہوتا ہے۔

مارچ میں توقع سے زیادہ ٹیکس وصولی پر وزیر اعظم عمران خان نے بھی ایف بی آر کو سراہا۔

مزید پڑھیں: ایف بی آر پہلی ششماہی میں ٹیکس وصولی کے ہدف سے 16 ارب روپے پیچھے

ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ 'مارچ 2021 میں 460 ارب کی وصولیوں کے ساتھ 41 فیصد کی تاریخی نمو حاصل کرنے پر میں ایف بی آر کی کاوشیں کو سراہتا ہوں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'جولائی 2020 سے مارچ 2021 کے دوران ہماری وصولیاں 33 کھرب 80 ارب کی سطح تک پہنچ گئیں جو گزشتہ برس کے اسی دورانیے سے 10 فیصد زیادہ ہیں'۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'حکومتی پالیسیوں کے نتیجے میں ملنے والی وسیع البنیاد معاشی بحالی کے یہ واضح آثار ہیں'۔

ایف بی آر نے رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ میں 33 کھرب 94 ارب روپے کا ریونیو اکھٹا کیا جو مقرر کردہ ہدف 32 کھرب 87 ارب روپے سے 100 ارب زیادہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایف بی آر نے پروفائل جمع کروانے کی تاریخ میں 30 جون تک کی توسیع کردی

اس سال اب تک 177 ارب روپے کے ریفنڈز جاری کیے گئے جو گزشتہ سال کے اسی دورانیے کے دوران 102 ارب روپے تھے جو 74 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔

حکومت نے بجٹ کی تیاری کے دوران بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کو مالی سال 2021 کے لیے مالی سال 2020 میں جمع ہونے والے 39 کھرب 90 ارب کے مقابلے میں 49 کھرب 60 ارب روپے اکٹھا کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی جو گزشتہ سال سے 24.4 فیصد زیادہ ہے۔

جولائی تا مارچ کے عرصے کے دوران انکم ٹیکس کی وصولی 12 کھرب 50 ارب روپے رہی جس کا ہدف 12 کھرب 90 ارب روپے رکھا گیا تھا جو 39 ارب روپے کا شارٹ فال ظاہر کرتا ہے تاہم انکم ٹیکس کی وصولی میں 6 فیصد اضافہ ہوا جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے دوران 11 کھرب 80 ارب روپے اکٹھا کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: ایف بی آر نے ٹریک اور ٹریس سسٹم کے لیے معاہدے پر دستخط کردیے

دریں اثنا سیلز ٹیکس وصولی مالی سال 2021 کے 9 مہینوں میں 19 فیصد بڑھ کر 15 کھرب 70 ارب روپے ہوگئی جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 13 کھرب 20 ارب روپے تھی۔

تاہم اس کا ہدف 13 کھرب 20 ارب روپے لگایا گیا تھا جس سے یہ 250 ارب روپے تجاوز کیا۔

فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (ایف ای ڈی) کی وصولی چار فیصد بڑھ کر 196 ارب روپے رہی جو گزشتہ سال 188 ارب روپے تھی۔

جولائی تا مارچ کے لیے ایف ای ڈی کا ہدف 221 ارب روپے رکھا گیا تھا جو 25 ارب روپے کا شارٹ فال ظاہر کرتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں