واٹس ایپ دنیا کی مقبول ترین مسیجنگ ایپلیکیشن ہے جس کے صارفین کی تعداد 2 ارب سے زیادہ ہے اور نئی پرائیویسی کے تنازع کے باوجود اس تعداد میں کچھ زیادہ کمی آنے کا امکان نہیں۔

مگر فیس بک کی زیرملکیت اس ایپ میں ایک خامی موجود ہے اور وہ یہ کہ اگر اینڈرائیڈ صارف آئی او ایس یا آئی فون استعمال کرنے لگے تو وہ اپنی واٹس ایپ چیٹس اس میں منتقل نہیں کرپاتے۔

ایسا ہی آئی فون صارفین کے ساتھ بھی ہوتا ہے جو اینڈرائیڈ پر سوئچ ہونے پر اپنے واٹس ایپ ڈیٹا سے محروم ہوجاتے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ واٹس ایپ صارفین کی جانب سے اس فیچر کا مطالبہ کافی عرصے سے کیا جارہا تھا اور اب لگتا ہے کہ کمپنی نے ان کا مطالبہ تسلیم کرلیا ہے۔

واٹس ایپ کی اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے والی سائٹ WABetaInfo نے ایک رپورٹ میں بتایا کہ میسجنگ ایپ میں چیٹ مائیگریشن فیچر کی آزمائش کی جارہی ہے جو صارفین کو اینڈرائیڈ سے آئی فون میں اپنی چیٹس منتقل کرنے کی سہولت فراہم کرے گا۔

ویسے تو واٹس ایپ میں پہلے ہی چیٹ بیک اپ فیچرز موجود ہیں تو ایک سے دوسرے آپریٹنگ سسٹم میں براہ راست واٹس ایپ چیٹ لاگ کو منتقل نہیں کیا جاسکتا۔

فوٹو بشکریہ WABetaInfo
فوٹو بشکریہ WABetaInfo

یہ کراس پلیٹ فارم مائیگریشن فیچچر اس وقت آزمائشی مراحل سے گزر رہا ہے تو ابھی کہنا مشکل ہے کہ یہ صارفین کو کب تک دستیاب ہوسکے گا۔

درحقیقت یہ فیچر تو ابھی ایپ کے بیٹا چینیل پر بھی دستیاب نہیں تاہم وہ اس کی ایک جھلک ضرور دیکھ سکتے ہیں۔

یہ نیا فیچر ملٹی ڈیوائس سپورٹ کے لیے بھی کارآمد ہوگا کیونکہ اس چیٹ مائیگریشن ٹول سے صارفین کو ایک اکاؤنٹ کے تحت کئی ڈیوائسز کو منسلک کرنے کی سہولت مل سکے گی۔

چیٹ مائیگریشن کے لیے کئی تھرڈ پارٹی ایپس موجود ہیں مگر واٹس ایپ ان کو سپورٹ نہیں کرتا بلکہ سیکیورٹی کے لیے خطرہ قرار دیتا ہے۔

ابھی یہ واضح نہیں کہ چیٹ مائیگریشن فیچر کا طریقہ کار کیا ہوگا تاہم ایسا لگتا ہے کہ اس کے تحت صارفین کو آئی او ایس یا اینڈرائیڈ پر ایپ کو اپ ڈیٹ کرنے کا کہا جائے گا، جس کے بعد چیٹ ایک سے دوسری ڈیوائس میں منتقل کی جاسکے گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں