ملک میں کورونا وائرس کے 5 ہزار 139 نئے کیسز، 100 اموات رپورٹ

اپ ڈیٹ 27 اپريل 2021
متعدد اقدامات کے باوجود پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کا پھیلاؤ کم ہوتا نظر نہیں آرہا۔ - فائل فوٹو:رائٹرز
متعدد اقدامات کے باوجود پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کا پھیلاؤ کم ہوتا نظر نہیں آرہا۔ - فائل فوٹو:رائٹرز

پاکستان میں لگاتار تیسرے روز کورونا کے 5 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ گزشتہ روز وائرس سے 100 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

خیال رہے کہ متعدد اقدامات کے باوجود پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کا پھیلاؤ کم ہوتا نظر نہیں آرہا۔

کووِڈ-19 کے اعداد و شمار کے لیے بنائی گئی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق پاکستان میں مزید 5 ہزار 139 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جبکہ 100 مریض انتقال کر گئے۔

وبا کی تشخیص کے لیے 9 اپریل کو مجموعی طور پر 49 ہزار 69 ٹیسٹس کیے گئے جبکہ فعال کیسز 73 ہزار 78 تک پہنچ چکے ہیں۔

ملک میں مجموعی طور پر اب تک کورونا وائرس سے 7 لاکھ 15 ہزار 968 افراد متاثر ہو چکے ہیں جن میں سے 15 ہزار 329 زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: سندھ ہائی کورٹ نے 'اسپوتنک فائیو' ویکسین فروخت کرنے کی اجازت دے دی

علاوہ ازیں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید ایک ہزار 772 مریض صحتیاب ہوئے اور مجموعی طور پر اب تک 6 لاکھ 27 ہزار 561 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد سے وبا کے پھیلاؤ میں اتار چڑھاؤ جاری ہے اور اب تک بیماری کی 2 لہریں دیکھی جاچکی ہیں جبکہ تیسری لہر کا پھیلاؤ بدستور جاری ہے۔

کیسز میں حالیہ اضافے کے پیشِ نظر کئی علاقوں میں دوبارہ لاک ڈاؤن اور اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کے اوقات کار بھی محدود کردیے گئے ہیں اس کے علاوہ متاثرہ علاقوں میں تعلیمی ادارے بھی بند ہیں۔

پاکستان میں 9 اپریل کو چاروں صوبوں اور وفاقی اکائیوں میں کورونا وائرس کیسز اور اموات کی صورتحال درج ذیل ہے:

پنجاب

وبا کی تیسری لہر نے صوبہ پنجاب کو بری طرح اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں مزید 2 ہزار 628 افراد اس وائرس کا شکار ہوئے۔

پنجاب میں اب تک 2 لاکھ 45 ہزار 923 کورونا کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں اور وبا کے باعث مزید 57 مریضوں کے انتقال سے مرنے والوں کی تعداد 6 ہزار 908 تک پہنچ گئی ہے۔

سندھ

ملک کے دوسرے بڑے صوبے سندھ میں وبائی صورتحال نسبتاً بہتر تھی تاہم اب اس میں معمولی اضافہ نظر آرہا ہے اور یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 232 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 68 ہزار 284 ہو گئی ہے۔

صوبے میں کورونا وائرس سے مزید 5 مریضوں کا انتقال ہوا اور مجموعی طور پر یہاں اب تک 4 ہزار 523 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

خیبر پختونخوا

حالیہ لہر کے دوران پنجاب کے بعد صوبہ خیبرپختونخوا زیادہ متاثر ہوا ہے اور یہاں گزشتہ روز ایک ہزار 379 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ 6 مریض دم توڑ گئے۔

خیبر پختونخوا میں اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد 97 ہزار 318 ہے جبکہ 2 ہزار 586 مریض انتقال کر چکے ہیں۔

بلوچستان

بلوچستان میں کورونا وائرس نے مزید 81 افراد کو متاثر کیا البتہ مزید کسی مریض کا انتقال نہیں ہوا۔

یوں صوبے میں اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد 20 ہزار 178 اور اموات کی تعداد 213 ہے۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 371 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ مزید 2 مریض اس وبا کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے۔

وفاقی دارالحکومت میں اب تک مجموعی طور پر 64 ہزار 902 افراد وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جن میں سے انتقال کرجانے والوں کی تعداد 601 ہے۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 65 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی۔

آزاد کشمیر میں مجموعی طور پر 14 ہزار 260 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جس میں سے 395 انتقال کر گئے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں ملک کے دیگر حصوں کی مناسبت سے بیماری کا پھیلاؤ کافی حد تک کنٹرول میں ہے تاہم گزشتہ روز صرف ایک نیا کیس رپورٹ ہوا یوں مجموعی کیسز 5 ہزار 103 ہوگئے۔

گلگت بلتستان میں 9 مارچ کے بعد مزید کسی مریض کا انتقال نہیں ہوا اور اموات کی تعداد 103 پر ہی برقرار ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں