فروری کے دوران بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 4.85 فیصد اضافہ ہوا

اپ ڈیٹ 14 اپريل 2021
رواں مالی سال کے ابتدائی 8 ماہ  کے عرصے میں مجموعی طور پر ایل ایس ایم 7.45 فیصد بڑھی—فائل فوٹو: اے ایف پی
رواں مالی سال کے ابتدائی 8 ماہ کے عرصے میں مجموعی طور پر ایل ایس ایم 7.45 فیصد بڑھی—فائل فوٹو: اے ایف پی

اسلام آباد: بڑے پیمانے کی مینوفیکچرنگ (ایل ایس ایم) میں فروری کے دوران 4.85 فیصد اضافہ ہوا جو صنعتی پیداوار کی سست روی کو ظاہر کرتا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پاکستان ادارہ شماریات کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ماہانہ بنیادوں پر بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 4.15 فیصد کی کمی ہوئی۔

آٹو موبائل، سیمنٹ مصنوعات اور چینی کی پیداوار کے باعث گزشتہ برس دسمبر اور نومبر میں ایل ایس ایم پیداوار میں 2 ہندسوں کی نمو کے بعد جنوری سے سست روی دیکھنے میں آئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:جنوری میں بڑے پیمانے پر مینوفیکچرنگ میں 7.85 فیصد اضافہ

گزشتہ برس دسمبر اور نومبر میں بڑی صنعتوں کی پیداوار سالانہ بنیاد پر 11.4 اور 14.5 فیصد بڑھی تھیں۔

دوسری جانب رواں مالی سال کے ابتدائی 8 ماہ یعنی جولائی سے فروری تک کے عرصے میں مجموعی طور پر ایل ایس ایم 7.45 فیصد بڑھی۔

کووِڈ 19 کے باعث تعمیرات، ٹیکسٹائل، اشیائے خورو نوش، کیمیکلز، غیر دھاتی معدنی مصنوعات، آٹو موبائل اور دوا سازی کے شعبے میں مہینوں تک کمی دیکھی گئی تاہم جولائی 2020 سے بہتری واپس آنے لگی۔

مالی سال 2021 کے 8 ماہ کے عرصے میں پیداواری اشاریوں کی سوئی کی بلندی معاشی سرگرمیوں کی بحالی ظاہر کرتی ہے۔

مزید پڑھیں: بڑی صنعتوں کی پیداوار میں اکتوبر کے دوران 3.95 فیصد اضافہ

پاکستان ادارہ شماریت کی پیداواری سرگرمیوں کی منظر کشی ظاہر کرتی ہے کہ بڑی صنعتوں کی پیداوار کے 15 میں سے 8 ذیلی شعبوں میں فروری کے دوران اضافہ ہوا۔

کم شرح سود اور خام مال پر ڈیوٹیز کی کمی سے موجودہ مالی سال میں معاشی سرگرمیاں مزید بڑھنے کی توقع ہے۔

اگر شعبے کے حساب سے دیکھا جائے تو آئل کمپنیز ایڈوائزری کمیٹی کے ماتحت 11 اشیا کی پیداوار فروری کے دوران سالانہ بنیاد پر 42.66 فیصد بڑھی۔

دوسری جانب وزارت صنعت و پیداوار کے ماتحت 36 اشیا کی پیداوار میں 3.16 فیصد جبکہ صوبائی بیورو برائے اعداد و شمار کے رپورٹ کردہ 65 اشیا میں 4.83 فیصد اضافہ ہوا۔

یہ بھی پڑھیں:مارچ میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں واضح کمی

پی بی سی کے ڈیٹا کے مطابق آٹو موبائل سیکٹر میں سے ٹرکوں اور بسز کو نکال کر ذیلی شعبہ جات میں فروری کے دوران گزشتہ برس کی نسبت بڑی نمو دیکھی گئی۔

ٹریکٹرز کی پیداوار 42.47 فیصد، جیپوں اور کاروں کی 37.24 فیصد، ایل سی ویز کی 37.19 فیصد اور موٹر سائیکلوں کی پیداوار اس ماہ میں 16.85 فیصد بڑھی۔

البتہ ٹرکوں کی پیداوار میں 17.01 فیصد جبکہ بسوں میں 19.70 فیصد کمی دیکھی گئی۔

تبصرے (0) بند ہیں