ملک میں مسلسل تیسرے روز 100 سے زائد اموات، مزید 5 ہزار 395 کورونا کیسز رپورٹ

اپ ڈیٹ 15 اپريل 2021
ملک میں وائرس کے فعال کیسز 77 ہزار 294 تک پہنچ چکے ہیں—فائل فوٹو:رائٹرز
ملک میں وائرس کے فعال کیسز 77 ہزار 294 تک پہنچ چکے ہیں—فائل فوٹو:رائٹرز

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال مسلسل بگڑ رہی ہے، ساتھ ہی رمضان المبارک کا بھی آغاز ہوچکا ہے جس کے پیشِ نظر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے مزید پابندیاں عائد کردی ہیں۔

کووِڈ-19 کے اعداد و شمار کے لیے بنائی گئی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں پاکستان میں مزید 5 ہزار 395 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جبکہ 118 مریض انتقال کر گئے۔

وبا کی تشخیص کے لیے 13 اپریل کو مجموعی طور پر 64 ہزار 685 ٹیسٹس کیے گئے جو وبا کے آغاز سے ایک روز میں کیے گئے ٹیسٹ کی سب سے بڑی تعداد ہے، ان کے نتیجے میں کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح 8.34 فیصد رہی جبکہ فعال کیسز 77 ہزار 294 تک پہنچ چکے ہیں۔

ملک میں مجموعی طور پر اب تک کورونا وائرس سے 7 لاکھ 39 ہزار 818 افراد متاثر ہو چکے ہیں جن میں سے 15 ہزار 872 زندگی کی بازی ہار گئے۔

علاوہ ازیں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 4 ہزار 740 مریض صحتیاب ہوئے اور مجموعی طور پر اب تک 6 لاکھ 46 ہزار 652 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد سے وبا کے پھیلاؤ میں اتار چڑھاؤ جاری ہے اور اب تک بیماری کی 2 لہریں دیکھی جاچکی ہیں جبکہ تیسری لہر کا پھیلاؤ بدستور جاری ہے۔

کیسز میں حالیہ اضافے کے پیشِ نظر کئی علاقوں میں دوبارہ لاک ڈاؤن اور اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کے اوقات کار بھی محدود کردیے گئے ہیں اس کے علاوہ متاثرہ علاقوں میں تعلیمی ادارے بھی بند ہیں۔

پاکستان میں 15 اپریل کو چاروں صوبوں اور وفاقی اکائیوں میں کورونا وائرس کیسز اور اموات کی صورتحال درج ذیل ہے:

پنجاب

وبا کی تیسری لہر نے صوبہ پنجاب کو بری طرح اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں مزید 2 ہزار 870 افراد اس وائرس کا شکار بنے۔

پنجاب میں اب تک 2 لاکھ 58 ہزار 441 کورونا کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں اور وبا کے باعث مزید 68 مریضوں کے انتقال سے مرنے والوں کی تعداد 7 ہزار 209 تک پہنچ گئی ہے۔

خیبر پختونخوا

حالیہ لہر کے دوران پنجاب کے بعد صوبہ خیبرپختونخوا زیادہ متاثر ہوا ہے اور یہاں گزشتہ روز مزید ایک ہزار 245 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ 29 مریض دم توڑ گئے۔

خیبر پختونخوا میں اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 2 ہزار 290 ہے جبکہ 2 ہزار 761 مریض انتقال کر چکے ہیں۔

اسلام آباد

اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 575 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ مزید 6 مریض اس وبا کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے۔

وفاقی دارالحکومت میں اب تک مجموعی طور پر 68 ہزار 66 افراد وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جن میں سے انتقال کر جانے والوں کی تعداد 625 ہے۔

سندھ

ملک کے دوسرے بڑے صوبے سندھ میں وبائی صورتحال نسبتاً بہتر تھی تاہم اب اس میں معمولی اضافہ نظر آرہا ہے اور یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 470 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 70 ہزار 310 ہو گئی ہے۔

صوبے میں کورونا وائرس سے مزید 3 مریضوں کا انتقال ہوا، مجموعی طور پر یہاں اب تک 4 ہزار 533 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 141 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ 10 مریض دم توڑ گئے۔

آزاد کشمیر میں مجموعی طور پر 14 ہزار 978 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جس میں سے 420 انتقال کر گئے۔

بلوچستان

بلوچستان میں کورونا وائرس نے مزید 81 افراد کو متاثر کیا اور 2 مریض انتقال کر گئے۔

یوں صوبے میں اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد 20 ہزار 580 اور اموات کی تعداد 221 تک پہنچ گئی ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں ملک کے دیگر حصوں کی مناسبت سے بیماری کا پھیلاؤ کافی حد تک کنٹرول میں ہے اور گزشتہ روز 13 کیسز سامنے آئے، یہاں اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 5 ہزار 153 ہے۔

گلگت بلتستان میں 9 مارچ کے بعد مزید کسی مریض کا انتقال نہیں ہوا اور اموات کی تعداد 103 پر برقرار ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں