ملک میں کورونا وائرس سے مزید 5 ہزار 364 افراد متاثر، 110 انتقال کر گئے

اپ ڈیٹ 18 اپريل 2021
ملک میں مجموعی طور پر اب تک کورونا وائرس سے 7 لاکھ 45 ہزار 182 افراد متاثر ہو چکے ہیں—فائل فوٹو: رائٹرز
ملک میں مجموعی طور پر اب تک کورونا وائرس سے 7 لاکھ 45 ہزار 182 افراد متاثر ہو چکے ہیں—فائل فوٹو: رائٹرز

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال مسلسل بگڑ رہی ہے، ساتھ ہی رمضان المبارک کا بھی آغاز ہوچکا ہے جس کے پیشِ نظر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے مزید پابندیاں عائد کردی ہیں۔

کووِڈ-19 کے اعداد و شمار کے لیے بنائی گئی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں پاکستان میں مزید 5 ہزار 364 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جبکہ 110 مریض انتقال کر گئے۔

وبا کی تشخیص کے لیے 15 اپریل کو مجموعی طور پر 64 ہزار 481 ٹیسٹس کیے گئے جس کے نتیجے میں کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح 8.3 فیصد رہی جبکہ فعال کیسز 78 ہزار 425 تک پہنچ چکے ہیں۔

ملک میں مجموعی طور پر اب تک کورونا وائرس سے 7 لاکھ 45 ہزار 182 افراد متاثر ہو چکے ہیں جن میں سے 15 ہزار 982 زندگی کی بازی ہار گئے۔

علاوہ ازیں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 4 ہزار 123 مریض صحتیاب ہوئے اور مجموعی طور پر اب تک 6 لاکھ 50 ہزار 775 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد سے وبا کے پھیلاؤ میں اتار چڑھاؤ جاری ہے اور اب تک بیماری کی 2 لہریں دیکھی جاچکی ہیں جبکہ تیسری لہر کا پھیلاؤ بدستور جاری ہے۔

کیسز میں حالیہ اضافے کے پیشِ نظر کئی علاقوں میں دوبارہ لاک ڈاؤن اور اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کے اوقات کار بھی محدود کردیے گئے ہیں اس کے علاوہ متاثرہ علاقوں میں تعلیمی ادارے بھی بند ہیں۔

پاکستان میں 14 اپریل کو چاروں صوبوں اور وفاقی اکائیوں میں کورونا وائرس کیسز اور اموات کی صورتحال درج ذیل ہے:

پنجاب

وبا کی تیسری لہر نے صوبہ پنجاب کو بری طرح اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں مزید 2 ہزار 732 افراد اس وائرس کا شکار بنے۔

پنجاب میں اب تک 2 لاکھ 61 ہزار 173 کورونا کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں اور وبا کے باعث مزید 62 مریضوں کے انتقال سے مرنے والوں کی تعداد 7 ہزار 271 تک پہنچ گئی ہے۔

خیبر پختونخوا

حالیہ لہر کے دوران پنجاب کے بعد صوبہ خیبرپختونخوا زیادہ متاثر ہوا ہے اور یہاں گزشتہ روز مزید ایک ہزار 129 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ 35 مریض دم توڑ گئے۔

خیبر پختونخوا میں اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 3 ہزار 419 ہے جبکہ 2 ہزار 796 مریض انتقال کر چکے ہیں۔

سندھ

ملک کے دوسرے بڑے صوبے سندھ میں وبائی صورتحال نسبتاً بہتر تھی تاہم اب اس میں م اضافہ نظر آرہا ہے اور یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 653 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 70 ہزار 963 ہو گئی ہے۔

صوبے میں کورونا وائرس سے مزید8 مریضوں کا انتقال ہوا، مجموعی طور پر یہاں اب تک 4 ہزار 541 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

اسلام آباد

اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید599 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ مزید ایک مریض اس وبا کے باعث زندگی کی بازی ہار گیا۔

وفاقی دارالحکومت میں اب تک مجموعی طور پر 68 ہزار 665 افراد وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جن میں سے انتقال کر جانے والوں کی تعداد 626 ہے۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 159 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ 3 مریض دم توڑ گئے۔

آزاد کشمیر میں مجموعی طور پر15 ہزار 137 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جس میں سے 423 انتقال کر گئے۔

بلوچستان

بلوچستان میں کورونا وائرس نے مزید 82 افراد کو متاثر کیا اور ایک مریض انتقال کر گیا۔

یوں صوبے میں اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد 20 ہزار 662 اور اموات کی تعداد 222 تک پہنچ گئی ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں ملک کے دیگر حصوں کی مناسبت سے بیماری کا پھیلاؤ کافی حد تک کنٹرول میں ہے اور گزشتہ روز 10 کیسز سامنے آئے، یہاں اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 5 ہزار 163 ہے۔

گلگت بلتستان میں 9 مارچ کے بعد مزید کسی مریض کا انتقال نہیں ہوا اور اموات کی تعداد 103 پر برقرار ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں