سابق آئی جی خیبر پختونخوا ناصر درانی کا کورونا کے باعث انتقال

اپ ڈیٹ 20 اپريل 2021
ناصر درانی کووڈ۔19 کی وجہ سے گزشتہ ایک ہفتے سے لاہور کے میو ہسپتال میں وینٹیلیٹر پر تھے— فائل فوٹو: ڈان
ناصر درانی کووڈ۔19 کی وجہ سے گزشتہ ایک ہفتے سے لاہور کے میو ہسپتال میں وینٹیلیٹر پر تھے— فائل فوٹو: ڈان

خیبر پختونخوا کے سابق آئی جی پولیس ناصر درانی کووڈ-19 کے باعث لاہور میں انتقال کر گئے۔

سی سی پی او لاہور کے ترجمان رانا عارف کے مطابق ناصر درانی کووڈ۔19 کا شکار ہونے کی وجہ سے گزشتہ ایک ہفتے سے لاہور کے میو ہسپتال میں وینٹیلیٹر پر تھے۔

شاندار کیریئر

ناصر درانی نے 2013 میں خیبر پختونخوا پولیس کے انسپکٹر جنرل کا عہدہ سنبھالا تھا، سابق پولیس چیف سب سے زیادہ اپنے افسران کے خلاف سخت کارروائی کے لیے مشہور تھے جن میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اور قائم مقام سپرنٹنڈنٹ پولیس جیسے اعلیٰ پولیس افسران بھی شامل تھے جنہیں بدانتظامی کی وجہ سے ملازمت سے ہٹا دیا گیا تھا۔

ناصر درانی نے کم سے کم وقت میں عوام کی شکایات دور کرنے کے لیے پولیس تک رسائی کا نظام بھی متعارف کرایا، انہوں نے اپنے اور عوام کے درمیان 24 گھنٹے براہ راست رابطہ قائم کرنے کے لیے آئی کال نظام بھی متعارف کرایا، اس عہدے پر تین سال سے زائد عرصہ تک انجام سر انجام دینے کے بعد انہوں نے 2017 میں آئی جی کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے سابق انسپکٹر جنرل پولیس ناصر درانی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ناصر درانی کی رحلت کا جان کر افسردہ ہوں، میری دعائیں اور ہمدردیاں اہل خانہ کے ساتھ ہیں، بطور آئی جی خیبرپختونخوا، پولیس اصلاحات لانے کے ان کا کردار مثالی تھا، پاکستان ایک غیر معمولی پولیس افسر سے محروم ہو گیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سابق آئی جی خیبر پختونخوا کے انتقال کا سن کر افسوس ہوا، وہ ایک ایسا عمدہ افسر تھے جنہوں نے مکمل شفافیت کے ساتھ ملک اور عوام کی خدمت کی۔

وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے کہا کہ ناصر درانی کے انتقال کا سن کر دکھ ہوا، پرویز خٹک کی زیر سربراہی خییر پختونخوا میں تحریک انصاف کی پہلی حکومت کے دوران انہوں نے پولیس کو بدلنے کے لیے نمایاں کارکردگی دکھائی جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

سینیٹر فیصل جاوید خان نے اس نقصان پر ناصر درانی کے اہلخانہ سے تعزیت کرتے ہوئے بلندی درجات کی دعا کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی ناصر درانی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پولیس فورس کے لیے بے مثال خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

خیبر پختونخوا پولیس کے سربراہ ڈاکٹر ثنااللہ عباسی نے بھی ناصر درانی کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک 'انتہائی قابل، ذہین، محنتی اور نڈر آدمی' تھے۔

ثنااللہ عباسی نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس میں ان کی قیادت میں لائی جانے والی اصلاحات بے مثال ہیں اور پولیس فورس کے لیے ان کی خدمات کو کئی دہائیوں تک یاد رکھا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں