یورپ، امریکا و مشرق وسطیٰ کے متعدد ممالک میں عید کے اجتماعات

اپ ڈیٹ 19 جون 2021
فلسطینی مسلمان مسجد الاقصیٰ کے قریب نماز عید ادا کرتے ہوئے—فوٹو: اے ایف پی
فلسطینی مسلمان مسجد الاقصیٰ کے قریب نماز عید ادا کرتے ہوئے—فوٹو: اے ایف پی

پاکستان سمیت یورپ، امریکا اور مشرق وسطیٰ کے متعدد ممالک اور پڑوسی ملک بھارت کی کم از کم دو ریاستوں میں بھی آج 13 مئی کو عید الفطر منائی جا رہی ہے۔

اسلامی دنیا کے اہم ترین ملک سعودی عرب میں 13 مئی کو کورونا کی احتیاطی تدابیر کے ساتھ عید الفطر کے اجتماعات ہوئے اور عید کے موقع پر حکومت نے وہاں 5 دن کی چھٹیوں کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔

عرب نیوز کے مطابق گزشتہ برس کے مقابلے میں اس سال عید الفطر کے اجتماعات قدرے روایتی انداز میں منعقد کیے گئے، تاہم ساتھ ہی وبا سے تحفظ کی احتیاطی تدابیر بھی اختیار کی گئیں۔

سعودی عرب کے علاوہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں بھی 13 مئی کو عید الفطر کا پہلا دن تھا اور وہاں بھی کورونا کے پیش نظر عید نماز کے اجتماعات پُرفضا مقامات پر ادا کیے گئے۔

دونوں ممالک کے علاوہ ترکی، عراق، الجزائر، مصر، فلسطین، مراکش اور عمان میں بھی 13 مئی کو عید الفطر کا پہلا دن تھا۔

یو اے ای میں پر فضا مقامات پر نماز عید کے اجتماعات ہوئے—فوٹو: خلیج ٹائمز
یو اے ای میں پر فضا مقامات پر نماز عید کے اجتماعات ہوئے—فوٹو: خلیج ٹائمز

کورونا کے پیش نظر زیادہ تر مشرق وسطی کے ممالک میں نماز عید کے اجتماعات محدود رکھے گئے اور لوگوں میں روایتی جوش و جذبہ نہیں دیکھا گیا۔

انادولو کے مطابق کورونا وائرس کے پیش نظر ترکی میں لاک ڈائون نافذ ہے اور نماز عید کے اجتماعات محدود رکھے گئے۔

فلسطین میں اسرائیلی حملوں اور بمباری کے ساتھ عید منائی جا رہی ہے جب کہ پاکستان کے پڑوسی ملک افغانستان میں بھی عید الفطر کا پہلا دن 13 مئی کو تھا۔

افغانستان میں عید الفطر کے موقع پر طالبان نے تین دن کی جنگ بندی کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔

آبادی کے لحاظ سے مسلمانوں کے سب سے بڑے ملک انڈونیشیا میں بھی سخت پابندیوں کے ساتھ 13 مئی کو عید منائی گئی جب کہ ملائیشیا میں بھی جمعرات کو عید کا پہلا دن تھا۔

مشرق وسطی کے ممالک کے علاوہ امریکا میں بھی مسلمانوں نے 13 مئی کو عید الفطر کی نماز ادا کی اور عید کے موقع پر امریکی حکومت نے مسلمانوں کے لیے خصوصی پیغام بھی جاری کیا۔

بعض لاطینی امریکا کے ممالک نے بھی سعودی عرب کے ساتھ عید الفطر منائی جب کہ یورپ میں برطانیہ سمیت دیگر ممالک میں بھی 13 مئی کو عید الفطر کا پہلا دن تھا۔

روس میں بھی 13 مئی کو مسلمانوں نے کورونا ایس پی اوز کے تحت نماز عید ادا کی جب کہ براعظم افریقہ کے بعض ممالک میں بھی 13 مئی کو عید کا پہلا دن منایا۔

حیران کن طور پر پڑوسی ملک بھارت کی ریاست کیرالہ میں بھی مسلمانوں نے 13 مئی کو عید منائی جب کہ مقبوضہ کشمیر میں بھی آج عید منائی جا رہی ہے۔

انڈیا ٹوڈے کے مطابق بھارت کی مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے مطابق بھارت بھر میں 12 مئی کو چاند نہیں دیکھا گیا اور ملک بھر میں 14 مئی کو عید منائی جائے گی تاہم ریاست کیرالہ اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں 13 مئی کو عید منائی گئی۔

عید کے موقع پر کیرالہ اور کشمیر میں وبا کے باعث سخت پابندیوں کا نفاذ کیا گیا ہے، کیوں کہ بھارت پہلے ہی بدترین دوسری لہر کا سامنا کر رہا ہے اور کئی ریاستوں میں 2 ہفتوں سے پابندیاں نافذ ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں